سی ڈی اے کے محکمہ سٹریٹ لائٹس کی غفلت ، وفاقی دارالحکومت کا سیکٹر جی سکس ون تھری اندھیرے میں ڈوب گیا ، علاقے میں چوریوں اور ڈکیتوں کی وارداتوں میں اضافہ، تمام سٹریٹ لائٹس کے خراب ہونے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس، عوام کا چیئرمین سی ڈی اے سے نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعرات 20 اگست 2015 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی سکس ون تھری میں محکمہ سٹریٹ لائٹس کی نا اہلی اور غفلت کی وجہ سے پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں چوریوں اور ڈکیتوں کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا، تمام سٹریٹ لائٹس کے خراب ہونے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی سکس ون تھری میں تمام سٹریٹ لائٹس خراب ہو گئیں جبکہ سی ڈی اے کے محکمہ سٹریٹ لائٹس نے ان کو ٹھیک کرنے کی زحمت تک گوارہ نہ کی اور سب انجینئرز نے کہا کہ ان کے پاس ایک تو گاڑیاں ہیں ہی نہیں اور جو موجود ہیں وہ خراب اور ناکارہ ہیں، سٹریٹ لائٹس کی مرمتی کیلئے جو بجٹ ملتا ہے وہ بھی ہڑپ کرلیا جاتا ہے، ادھر سیکٹر کے مکینوں کی زندگی عذاب میں آ گئی ہے کیونکہ علاقے میں اندھیرے کا راج چھا جانے سے چوروں اور ڈاکوؤں نے جی سکس کا رخ کر لیا اور سرشام بھی وہاں چوری کی وارداتیں شروع ہو جاتی ہیں، کئی لوگوں کے گھروں سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کرلیا گیا، لوگ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے بھی محروم ہو گئے ہیں، گن پوائنٹ پر بھی لوگوں کو لوٹا جاتا ہے، چوری کی وارداتوں میں اضافے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اہل علاقہ نے چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر اعلیٰ حکام سے نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے اور علاقے میں سٹریٹ لائٹس کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے تا کہ آئندہ کسی بھی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :