بگ تھری کی متنازعہ پالیسیوں پر عوامی سطح پر ردعمل سامنے آنے لگا

جمعہ 21 اگست 2015 12:14

بگ تھری کی متنازعہ پالیسیوں پر عوامی سطح پر ردعمل سامنے آنے لگا

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) کرکٹ کی دنیا پر حکمرانی کرنے والے بگ تھری کی متنازعہ پالیسیوں کے خلا ف عوامی سطح پر بھی ردعمل سامنے آنے لگا ہے اور لندن کے تاریخی میدان اوول میں ایشیزسیریزکے 5 ویں ٹیسٹ میچ سے قبل تماشائیوں نے بگ تھری کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کیا اور اسے کرکٹ کی تباہی قراردیا۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے والی 2 تنطیمیں دی چینج کرکٹ اور ڈیتھ آف اے جینٹلمین نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز سیریز کے 5 ویں ٹیسٹ میچ کے شروع ہونے سے قبل اوول کے باہر مظاہرہ کیا اور کرکٹ کے معاملات متنازعہ انداز میں چلائے جانے کے خلاف سخت احتجاج کیا جب کہ احتجاج کرنے والوں میں برٹش کنزریٹو پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ ڈیمین کولنز بھی شامل تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب سے کرکٹ کے معاملات آسٹریلیا، بھارت اور انگلینڈ (بگ تھری) نے اپنے ہاتھ میں لیے ہیں کرکٹ تنازعات کا شکار ہوگئی ہے اور آئی سی سی کے فیصلوں میں ٹرانسپیرینسی اوراحتساب کی کمی واضح نظر آرہی ہے جب کہ تینوں ممالک کے بورڈ کے سربراہان تمام معاملات کو اپنے اپنے ممالک کے مفادات کے مطابق چلا رہے ہیں اور دیگر ممالک کو بالکل اہمیت نہیں دی جارہی ہے۔