لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے آصف، عامر، سلمان بٹ کی واپسی کی مخالفت کر دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 21 اگست 2015 14:42

لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے آصف، عامر، سلمان بٹ کی واپسی کی مخالفت ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار21اگست۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے بھی سپاٹ فکسنگ میں سزائیں بھگتنے والے پاکستانی کرکٹرز محمد آصف، محمد عامر اور سلمان بٹ کی واپسی کی مخالفت کر دی ہے۔ اپنے ایک انٹر ویو میں لیجنڈری بلے باز کا کہنا تھا کہ تینوں کرکٹر انتہائی سنگین جرم میں ملوث رہے ہیں اور انہیں ایک بار پھر کرکٹ میں واپس لانا انتہائی غلط قدم ہوگا۔

57سالہ جاوید میانداد کے مطابق اس سے قبل کئی انٹر نیشنل فٹبالرز اور دیگر کھلاڑیوں سے ملک کی بدنامی کا باعث بننے کے باعث ان کے میڈلز واپس لے لیے گئے تھے اور آج انہیں کوئی بھی نہیں جانتا ہے، ہر کھلاڑی کو ملک کی عزت کا خیال رکھنا چاہیئے اور ان کرکٹرز نے ملک کی عزت کو بیچا ہے لہذا انہیں کسی صورت واپسی کا موقع نہیں دینا چاہیئے۔

(جاری ہے)

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وہ کسی کھلاڑی کے خلاف نہیں ہیں اور اگرچہ یہ کرکٹر ز اپنے کیے کی سزا بھگت چکے ہیں لیکن انہیں کرکٹ میں واپس لانے سے دیگر نوجوان کھلاڑیوں کو بہت غلط پیغام جائے گا۔

سابق کپتان کے مطابق یہ تینوں کرکٹرز کسی ایسے کھلاڑی کی جگہ ٹیم میں واپس آسکتے ہیں جو شاید ان سے زیادہ ٹیلنٹڈ تو نہیں ہوگا لیکن اس نے کوئی غلط کام بھی نہیں کیا ہوگا جس کے نتیجے میں دیگر کرکٹر ز کے حوصلے بھی پست ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :