راولپنڈی ریجنل کرکٹ ایسو سی ایشن کے انتخابات شفاف اور قانونی ہیں ،پی سی بی

جمعہ 21 اگست 2015 15:07

راولپنڈی ریجنل کرکٹ ایسو سی ایشن کے انتخابات شفاف اور قانونی ہیں ،پی ..

لاہور/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ریجنل کرکٹ ایسو سی ایشن راولپنڈی کے انتخابات کو شفاف اور قانونی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پی سی بی کے نئے آئین کے مطابق جس ضلع اور ریجن میں ووٹرز کی دو تہائی اکثریت مکمل ہو وہاں بورڈ الیکشن کا انعقاد کروا سکتا ہے جبکہ راولپنڈی ریجنل کرکٹ ایسو سی کی عبوری کمیٹی کے سابق سربراہ افضل جاوید کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص ٹولہ راولپنڈی کی کرکٹ کو پھلتا پھولتا دیکھنا نہیں چاہتاہے ۔

پی سی بی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈسٹرکٹ اور یجنل کرکٹ ایسو سی ایشن کے انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کیلئے الیکشن کمشنر کی تقرری کی ہوئی ہے ، بورڈ کے نئے آئین میں ڈسٹرکٹ اور ریجن کا الیکشن لڑنے کیلئے امیدوار کی تعلیمی اہلیت بی اے رکھی گئی ہے جبکہ جس ضلع اور ریجن میں ووٹرز کی دو تہائی اکثریت مکمل ہو وہاں بورڈ الیکشن کا انعقاد کروا سکتا ہے اور نئے آئین کو مد نظر رکھتے ہوئے راولپنڈی ریجن کے الیکشن بھی منعقد کروائے گئے جس میں جہلم ، چکوال اور اٹک ڈسٹرکٹس نے میجر (ر) نعیم گیلانی کو صدر اور ذوالفقار میر کو سیکرٹری منتخب کیا ہے ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی ریجنل کرکٹ ایسو سی ایشن کی عبوری کمیٹی کے سابق سربراہ افضل جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انتہائی شفاف و غیر جانبدارانہ طریقے سے راولپنڈی ریجن کے الیکشن کا عمل مکمل کئے ہے جس میں کوئی ابہام اور شک کی گنجائش ہی نہیں ہے کیونکہ پی سی بی کی جانب سے راولپنڈی ریجن کے الیکشن کیلئے عبوری کمیٹی کے ساتھ ساتھ تمام ووٹرز ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسو سی ایشنز کو بھی تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا اور الیکشن کا نوٹس بورڈ بھی پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ، ریجن اور ڈسٹرکٹ آفسز سمیت دیگر مقامات پر عیاں تھے جبکہ الیکشن لڑنے کے خواہشمند کئی افراد نے اس حوالے سے پی سی بی کے قوائد و ضوابط پر پورا اترنے کیلئے مجھ سے راہنمائی بھی لی تھی ۔

افضل جاوید کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے ایک مخصوص ٹولہ راولپنڈی کی کرکٹ کو پھلتا پھولتا دیکھنا نہیں چاہتا اور اپنے ذاتی مقاصد کے حصول کیلئے وہ ٹولہ لوگوں کو گمراہ کر نے کی کوششیں کر رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :