پی ایچ ایف میں نئے صدرکی تقرری کے بعد مزید تبدیلیوں کا امکان

جمعہ 21 اگست 2015 15:20

پی ایچ ایف میں نئے صدرکی تقرری کے بعد مزید تبدیلیوں کا امکان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء)پاکستان ہاکی فیڈریشن میں تبدیلی کی ہوائیں چل پڑیں۔ صدراختررسول کے مستعفی ہونے اور خالد سجاد کھوکھر نے نیاصدر بننے کے بعد سیکریٹری رانا مجاہد اور ہیڈ کوچ شہناز شیخ کیلئے بھی کرسی بچانا مشکل ہوگیا۔ورلڈ ہاکی لیگ میں انتہائی مایوس کن کارکردگی اور پہلی بار اولمپک گیمز سے باہر ہونے کے بعد بالآخر پاکستان ہاکی فیڈریشن میں تبدیلی کی ہوائیں چل پڑیں۔

پی ایچ ایف کے صدر اختر رسول مستعفی ہوگئے۔ جس کے بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر نے پی ایچ ایف کے نئے صدر کا عہدہ سنبھال لیا،وہ قومی ہاکی ٹیم کے منیجر رہ چکے ہیں۔،لیکن کافی عرصے سے انکا فیڈریشن کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ خالد سجاد کو ابھی پی ایچ ایف کانگریس سے اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا۔

(جاری ہے)

فیڈریشن ذرائع کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ ن سے قریبی تعلق ہونے کی وجہ سے انہیں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔

خالد سجاد کھوکھر وفاقی وزیر احسن اقبال کے سسر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں پی ایچ ایف کیلئے فنڈز کے حصول میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ انہوں نے گراس روٹ لیول سے ملک میں ہاکی بہتری کیلئے کام کرنے کاعزم ظاہر کیاہے۔ پی ایچ ایف میں روایت رہی ہے کہ ہرصدر اپنی ٹیم لیکر آتاہے۔ اس لئے موجودہ سیکریٹری رانا مجاہد اور ہیڈ کوچ شہناز شیخ کیلئے اپنی کرسیاں بچانا ممکن نہیں ہوگا۔ ملک میں متوازی اولمپک ایسوسی بنانے کی کوششوں کی وجہ سے رانا مجاہد پر پی اواے کی جانب سے دس سالہ پابندی بھی عائد ہے۔نئے سیکریٹری کیلئے اولمپئن شہباز سینئر فیورٹ ہیں۔