مسئلہ کشمیر پر پاکستان اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا،وزیراعظم کابھارتی دھمکی کا منہ توڑ جواب

جمعہ 21 اگست 2015 15:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے مذاکرات ملتوی کرنے بارے بھارتی دھمکی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا، حریت رہنماؤں کے ساتھ بھارتی رویہ افسوسناک ہے، بھارتی فورسز کی حالیہ کارروائیاں تشویشناک ہیں،ملکی سیاسی و عسکری قیادت نے نیشنل ایکشن پلان کا اگلا مرحلہ فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا،کراچی کی طرح دیگر شہروں میں بھی امن و امان تباہ کرنے والوں کا پیچھا کیا جائے گا‘ دہشت گردوں کے خلاف خفیہ آپریشن تیز کیا جائے گا‘ نیشنل ایکشن پلان کے تحت بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی‘ پنجاب میں بڑے پیمانے پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے 2 اجلاس ہوئے۔ جس میں وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، معاون خصوصی طارق فاطمی اور د یگر حکام شریک ہوئے۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھارت کی طرف سے سرحدی خلاف ورزیوں اور حریت رہنماؤں کو نظر بند کئے کے معاملات کو تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے مذاکرات ملتوی کرنے بارے بھارتی دھمکی کا موثر جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے گا، حریت رہنماؤں کے ساتھ بھارتی رویہ افسوسناک ہے، بھارتی فورسز کی حالیہ کارروائیاں تشویشناک ہیں،مشیروں کے اجلاس میں بھارتی جارحیت کا معاملہ بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا، پاکستان تمام مسائل کا حل مذاکرات سے چاہتا ہے۔ اجلاس میں نیکٹا کو مزید فعال بنانے اور وسائل فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔