صدر مملکت سے آسٹریلیا، برازیل، ہولی سی، جرمنی، سعودی عرب ،کوریا، ماریشیز، سنگاپور، گنی کے نامزد سفیروں کی ملاقات، سفارتی اسناد پیش کیں

پاکستان تمام ممالک کیساتھ دوستانہ، برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہے، ممنون حسین

جمعہ 21 اگست 2015 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین سے آسٹریلیا، برازیل، ہولی سی، جرمنی، سعودی عرب، کوریا، ماریشیز، سپین، سنگاپور اور گنی کے نامزد سفیروں نے ملاقات کی اور سفارتی اسناد پیش کیں۔سفارتی اسناد پیش کرنے کی پروقار تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جس میں سفیروں نے اپنی سفارتی اسناد صدر مملکت کو پیش کیں۔

تمام سفیر بگھی میں بیٹھ پر ایوان صدر کے مرکزی دروازے تک پہنچے۔ اس موقع پر انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور متعلقہ ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔بعد میں سفیروں نے صدر مملکت ممنون حسین سے علیحدہ علیحدہ ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تمام ملکوں کے ساتھ اپنے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور اس عفریت کو ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں کررہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب پوری کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔ صدر مملکت نے سفیروں کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خواہش ظاہر کی کہ ان کے دورہ سفارت میں پاکستان کے ساتھ ان کے ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔جن سفیروں نے صدر مملکت کو اسناد پیش کیں ان میں آسٹریلیا کی سفیر مارگریٹ ایڈمسن، برازیل کے نامزد سفیر کلیڈیو راجا گیباگیلا لنز، ہولی سی کے سفیر غالب موسیٰ عبداللہ بدر، جرمنی کی نامزد سفیر اینا روتھ لوسا لیپل، سعودی عرب کے نامزد سفیر عبداللہ مرزوقی الزہرانی، کوریا کے نامزد سفیر کم تھائے سْپ، ماریشیز کے نامزد سفیر یوسف الہیٰ، سنگاپور کے سفیر اونگ کنگ یون، گنی کے سفیر بنگالے دیکاھابے اور پاکستان کے لیے سپین کے نامزد سفیر کارلوس مورالیز شامل ہیں۔