ملک کے4 بڑے شہروں میں دہشتگردی کے متعدد منصوبے ناکام ،25 مبینہ دہشتگرد گرفتار،اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

جمعہ 21 اگست 2015 21:13

ملک کے4 بڑے شہروں میں دہشتگردی کے متعدد منصوبے ناکام ،25 مبینہ دہشتگرد ..

اسلام آباد/ پشاور/ لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء ) قانون نافذکرنے والے اداروں نے ملک کے 4بڑے شہروں میں مشترکہ کاروائیاں کرتے ہوئے دہشتگردی کے بڑے منصوبے ناکام بنادیئے اور 25 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے ۔جمعہ کو اسلام آباد ،لاہور،کراچی اور پشاور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کاروائیاں کرتے ہوئے دہشتگردی کے بڑے منصوبوں کو ناکام بنادیا۔

وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف ایٹ میں محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب اور رینجرز نے مدرسے میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سانحہ اٹک میں ملوث 3دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں قاری امداد،قاری ارشاداور شوکت شامل ہیں جو کہ راولپنڈی کینٹ کے علاقے ڈھوک چوہدریاں کے رہائشی ہیں۔

(جاری ہے)

کارروائی میں رینجرز اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔گرفتار دہشت گردوں کومزید تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاگیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق انتہائی مطلوب دہشتگرد مطیع الرحمان بھی حملے میں ملوث ہے ۔مطیع الرحمان 2003 میں پرویز مشرف پرقاتلانہ حملے میں بھی مطلوب ہے ۔ملزم سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور کراچی میں شیرٹن ہوٹل پر خودکش حملے میں بھی مطلوب ہے لاہور میں چنگی دیگج انڈرپاس رنگ روڈ کے علاقے سے ایک مشتبہ دہشتگرد کو گرفتار کرلیا گیا جس کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے جو دہشتگردی کی کاروائی کیلئے استعمال کیا جانا تھا۔

بم ڈسپوزل اسکوڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنادیا گیا جبکہ مشتبہ دہشتگرد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔کراچی کے علاقے ناظم آباد کی چاؤلہ مارکیٹ میں کھڑی گاڑی سے کلاشنکوف کی 9ہزار سے زائد گولیاں ملی ہیں۔ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق اہل علاقہ کی اطلاع پر 10روز سے کھڑی گاڑی کی تلاشی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے لی،جس سے گولیوں کے 24ڈبے برآمد ہوئے ہیں،پولیس کار کے مالک کو تلاش کررہی ہے۔

ایس پی لیاقت آباد کے مطابق گاڑی کی نمبر پلیٹ جعلی ہے،اس حوالے سے مزید تفتیش کررہے ہیں۔ذرائع کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے گاڑی سے برآمد ہونے والی گولیاں تحویل میں لے لی ہیں۔پشاور میں سپیشل پولیس یونٹ نے کاروائی کرتے ہوئے حاجی کیمپ کے علاقے سے دہشتگرد عبدالوحید کو گرفتارکرلیا جس کے قبضے سے ایک ریمورٹ کنٹرول بم برآمد ہوا ہے جو ایک واٹر کولر میں نصب کیا گیا تھا۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر بم ناکارہ بنادیا ۔گرفتار دہشتگرد کا تعلق ایک انٹرنیشنل دہشتگرد تنظیم سے ہے ۔ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چھ دہشتگرد حملوں اور 42 افرادکو قتل کرنے کی وارداتوں میں مطلوب ہے ۔گرفتار دہشتگرد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :