ایم کیو ایم کے جائز مطالبات مانے جائیں گے، الطاف حسین کے بیانات پاکستان کی زبان سے مختلف ہیں، عوام امن چاہتی ہے تمام سیاستدانوں کو متحد ہونا چاہیے، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 21 اگست 2015 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے جائز مطالبات مانے جائیں گے، الطاف حسین کے بیانات پاکستان کی زبان سے مختلف ہیں، عوام امن چاہتی ہے تمام سیاستدانوں کو متحد ہونا چاہیے۔ وہ جمعہ کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر 4سے 5ماہ تک صبر آزما دور گزرا، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم کیو ایم کو پارلیمنٹ میں آ کر اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو کچھ تحفظات ہیں جو انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے سامنے رکھے ہیں، اگر رشید گوڈیل پر حملہ نہ ہوتا تو ان پر پیش رفت ہو جاتی، اب ان سے مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں ہو گا، امید ہے ایم کیو ایم کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ایک بات واضح ہے کہ ایم کیو ایم نے خود کہا کہ کراچی آپریشن جاری رہنا چاہیے، اس میں انہیں اختلاف نہیں ہونا چاہیے ، اگر گزشتہ روز بھی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ آپریشن کیلئے جو قانون متعین ہیں ان کے اندر رہ کر اپنا کام جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم 30سال تک اقتدار میں رہنے کے باوجود بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف ایسی بات کریں تو افسوس ہے، اب عوام امن مانگتی ہے، اس کیلئے تمام سیاستدانوں کو متحد ہونا چاہیے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ جو بیان لندن سے آتے ہیں وہ پاکستانی ماحول سے نہیں آتے، ان کی زبان پاکستان کی زبان سے مختلف ہے۔