کشمیری حریت رہنماء مسئلہ کشمیر کے اہم فریق ہیں، قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات سے پہلے شرائط رکھنا افسوسناک ہے، بھارتی دفتر خارجہ کے بیان سے مایوسی ہوئی،بھارت دوسری مرتبہ مذاکرات کی میز سے پیچھے ہٹا

ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اﷲ کا بھارت کی جانب سے مذاکرات کی منسوخی پرردعمل

جمعہ 21 اگست 2015 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اﷲ نے کہا ہے کہ کشمیری حریت رہنماء مسئلہ کشمیر کے اہم فریق ہیں، بھارتی دفتر خارجہ کے بیان سے مایوسی ہوئی، قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات سے پہلے شرائط رکھنا افسوسناک ہے، بھارت دوسری مرتبہ مذاکرات کی میز سے پیچھے ہٹا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی منسوخی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دوسری بار مذاکرات کی میز سے پیچھے ہٹا جبکہ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے ہی حل کئے جا سکتے ہیں، بھارت کا مشیروں کی ملاقات سے پہلے شرائط رکھنا افسوسناک ہے، بھارتی دفتر خارجہ کے بیان سے مایوسی ہوئی، پاکستان نے مذاکرات کیلئے کوئی شرط نہیں رکھی اور نہ ہی کسی قسم کی مفاہمت اور معاہدوں سے کبھی انکار کیا، پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ بامقصد اور معنی خیز بات کی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سنجیدہ مذاکرات وقت کی اہم ضرورت ہیں، پاکستان نے قومی سلامتی کے مشیروں کے مذاکرات کیلئے جامع ایجنڈا تجویز کیا ہے، پاکستان کی کشمیری رہنماؤں کو دعوت ماضی کی روایت کا حصہ تھی۔