سکیورٹی اداروں نے پی سی بی کو ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ دوسرے شہر منتقل کرنیکا مشورہ دیدیا

ہفتہ 22 اگست 2015 12:52

سکیورٹی اداروں نے پی سی بی کو ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ دوسرے شہر منتقل کرنیکا ..

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22اگست۔2015ء) سکیورٹی اداروں نے یکم ستمبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونے والے قومی ٹی 20 کپ کے حفاظتی انتظامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے کسی دوسرے شہر میں منتقل کرنے کا مشورہ دیا ہے،ذمہ دار ذرائع کے مطابق یکم سے 15 ستمبر تک پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں منعقد ہونے والے قومی ٹی 20 کپ میں ملک کی بہترین ٹیمیں شر کت کرے گی جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار کھلاڑی ایکشن میں نظر آ ئیں گے اس میگا ایونٹ کو دیکھنے کیلئے جڑواں شہروں سے شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد پنڈی کرکٹ سٹیڈیم آئے گی ، ذرائع نے بتایا کہ اس میگا ایونٹ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ اور راولپنڈی میں سکیورٹی اداروں کے درمیان اہم اجلاس ہوا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی پی سی بی کی ڈومیسٹک کرکٹ کمیٹی کے ڈائریکٹر انتخاب عالم نے کی ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں جب اس میگا ایونٹ کی سکیورٹی کے حوالے سے معاملہ زیر غور لایا گیا تو سکیورٹی اداروں نے راولپنڈی میں انعقاد پر اپنے خدشات سے انہیں آگاہ کیا اور کرکٹ بورڈ کو تجویز دی ہے کہ وہ اس ایونٹ کو راولپنڈی سے کسی اور شہر منتقل کرے ۔