سلمان بٹ ، محمدآصف نے باقاعدہ طور پر ٹریننگ کا آغاز کردیا

ہفتہ 22 اگست 2015 12:56

سلمان بٹ ، محمدآصف نے باقاعدہ طور پر ٹریننگ کا آغاز کردیا

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار22اگست۔2015ء) سپاٹ فکسنگ میں پابندی کے شکار پاکستانی کھلاڑی فاسٹ بولر محمد آصف اور بیٹسمین سلمان بٹ نے 2 ستمبر کو آئی سی سی کی جانب سے ختم ہونے والی پابندی سے قبل خود کو فٹ رکھنے کے لئے پریکٹس شروع کردی ۔ دونوں کھلاڑیوں نے باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کردیا ۔ سلمان بٹ نے ایل سی سی اے گراؤنڈ پر جبکہ محمد آصف نے ماڈل ٹاؤن گراؤنڈ میں تر بیت شروع کردی ۔

(جاری ہے)

سلمان بٹ کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں پہنچنے پر نوجوان کھلاڑیوں نے ان کا استقبال کیا اور مٹھائی تقسیم کی ۔ ٹریننگ سیشن کے دوران انہوں نے ابتدائی روزفزیکل فٹنس اور فیلڈنگ پریکٹس پر زور دیااور بیٹنگ پریکٹس بھی کی ۔ سلمان بٹ اور محمد آصف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے آفیشل کلیئرنس کے بعد باقاعدہ ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے سکیں گے ۔ دونوں کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن میں اچھا پرفارم کرنے کے بعد ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے ۔