پی سی بی کی مارکیٹنگ ٹیم 15 ریجنل ٹیموں کیلئے بڑی سپانسرشپ تلاش نہ کر سکی

ہفتہ 22 اگست 2015 12:58

پی سی بی کی مارکیٹنگ ٹیم 15 ریجنل ٹیموں کیلئے بڑی سپانسرشپ تلاش نہ کر ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء )پاکستان کرکٹ بورڈ کی مارکیٹنگ ٹیم 15 ریجنل ٹیموں کیلئے بڑی سپانسرشپ تلاش نہ کر سکی جس سے پی سی بی کے مستقبل قریب میں لاکھوں ڈالرز مالیت کی سپر لیگ شروع کرنے کے منصوبے کو دھچکا پہنچا ہے۔پی سی بی نے پانچ مہینے قبل اپنے مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ میں بہتری لاتے ہوئے اسے ریجنل ٹیموں کیلئے پرکشش سپانسر شپس ڈھونڈنے کا ہدف دیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے ایک ریجنل ٹیم کی نیلامی کیلئے کم سے کم دو کروڑ روپے قیمت طے کی تھی لیکن 17 اگست کو سامنے آنے والے چھ سپانسرز میں سے کسی نے بھی طے شدہ قیمت سے زائد آفر نہیں کی۔ایک پینٹ کمپنی نے لاہور ریجنل ٹیم میں دلچسپی دکھاتے ہوئے سب سے زیادہ 10.75 ملین روپے آفر کیے۔خیال رہے کہ پی سی بی ڈومیسٹک سیزن پر تقریبا 670 ملین روپے خرچ کرتا ہے اور اس کی کوشش ہے کہ 15 ریجنل ٹیموں کیلئے سپانسر تلاش کرکے اس خرچ میں نمایاں کمی لائی جائے۔

(جاری ہے)

بورڈ پر امید تھا کہ کراچی، لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ جیسے بڑے ریجنز کیلئے چار کروڑ روپے یا اس سے زائد کے سپانسرز تلاش کر لے گا لیکن اب تک اسے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پی سی بی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ریجنل ٹیموں کی فروخت کے حوالے سے مایوس کن ردعمل ملنے کے بعد بورڈ یقینا اگلے سال مہنگی سپر لیگ منعقد کرکے نقصان میں جانے کا خطرہ مول نہیں لے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پی سی بی حکام متعدد مرتبہ قطر اور یو اے ای کا دورہ کرچکے ہیں لیکن اس کے باوجود اب تک سپر لیگ کیلئے وینیو کا حتمی تعین نہیں کیا جا سکا۔پی سی بی 2012 ء میں سپر لیگ شروع کرنے کا خواہشمند تھا لیکن اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تاحال کو ئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ریجنل ٹیموں کیلئے سپانسرز کے خراب ردعمل کی ایک ممکنہ وجہ سر پر آن کھڑا ہونے والا قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ ہے۔ سپانسرز کو یکم ستمبر سے شروع ہونے والے اس ایونٹ کی مارکیٹنگ کا مناسب وقت نہیں ملا۔