حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے، معذور افراد بھی دوسرے افراد کی طرح معاشرے کا حصہ ہیں، ڈاکٹر اختر نواز

ہفتہ 22 اگست 2015 17:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء)پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے اور معذور افراد بھی دوسرے افراد کی طرح معاشرے کا حصہ ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ڈس ایبلڈ سپورٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام قومی ڈس ایبلڈ بیڈمنٹن چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا، اس موقع پر پاکستان ڈس ایبلڈ سپورٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبد الوحید شیخ ، سیکرٹری ناصر محمود چوہدری، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آغا امجد اﷲ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک امتیاز حسین بھی موجود تھے،انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کی ترقی چاہتی ہے اور کھیلوں کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور معذور افراد بھی دوسرے افراد کی طرح معاشرے کا حصہ ہیں ان کی کھیلوں کے میدان میں حوصلہ افزائی کیا جائے گی، انہوں نے کہاکہ سپیشل اولمپک گیمز کے تیاری کے سلسلہ میں پاکستان سپورٹس بورڈ نے تربیتی کیمپ کے لئے قومی کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کیں اور آئندہ بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ سیف گیمز اور انٹرنیشنل مقابلوں میں کے لئے قومی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ملک میں تربیتی کیمپ جاری ہیں اور پاکستان سپورٹس بورڈ ان کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کر رہا ہے جن میں کھانا اور رہائش شامل ہیں ، کوچز ان کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں اور کھلاڑیوں کو بھی بھرپور محنت کرنی چاہئے۔