اسحاق ڈار کی مولانا فضل الرحمن سے ایم کیو ایم کو استعفوں کی واپسی کیلئے دوبارہ مذاکرات پر آمادہ کرنے کی درخواست

فاروق ستار نے مذاکرات کیلئے اسلام آباد آنے سے معذرت کرلی ہے ،کراچی کی صورتحال بارے بعض نئے تحفظات کا اظہار کیا ہے، جے یو آئی (ف) کے سربراہ کی وزیر خزانہ سے ٹیلفونک گفتگو

ہفتہ 22 اگست 2015 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) حکومت کی طرف سے ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات کیلئے بنائی گئی دو رکنی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ایم کیو ایم کو استعفوں کی واپسی کیلئے دوبارہ مذاکرات پر آمادہ کرنے کی درخواست کر دی۔ ہفتے کو اسحاق ڈار نے مولانا فضل الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار سے ہونے والی ٹیلیفونک بات چیت بارے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے فضل الرحمان کو بتایا کہ گزشتہ رات فاروق ستار نے مذاکرات کیلئے اسلام آباد آنے سے معذرت کرلی ہے اور کراچی کی صورتحال کے حوالے سے بعض نئے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے ارکان کے استعفوں کی واپسی کے حوالے سے مولانا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ وہ ایک بار پھر ایم کیو ایم کو استعفوں کی واپسی کیلئے مذاکراتی میز پر لانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور اس حوالے سے ایم کیو ایم رہنماؤں کے ساتھ اپنے رابطے جاری رکھیں، مولانا فضل الرحمن نے وزیرخزانہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ایم کیو ایم کو مذاکرات پر ہم آمادگی اور استعفے واپس لینے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔