بھارتی ترجمان دفتر خارجہ نے باور کرانے کی کوشش کی پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ ایجنڈے کو کشمیر کے مسئلے کی طرف دھکیل رہی ہے، سرتاج عزیز

ملک کی سیاسی قیادت اور پوری قوم کشمیریوں کے حق خود اردیت کی جدوجہد میں سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کیلئے پوری طرح پر عزم ہے ،پاکستان

ہفتہ 22 اگست 2015 17:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ملک کی سیاسی قیادت اور پوری قوم کشمیریوں کے حق خود اردیت کی جدوجہد میں سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کیلئے پوری طرح پر عزم ہے ، بھارتی ترجمان دفتر خارجہ نے یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات کے ایجنڈے کو کشمیر کے مسئلے کی طرف دھکیل رہی ہے ۔

مشیر قومی و سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے ہفتہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ کہ وہ کون سی قوت ہے جو پاکستان کو دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے شدہ معاہدے سے انحراف پر مجبور کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے کہا کہ اس بیان میں بھارتی ترجمان ہر کسی کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ صرف پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ ایجنڈے کو مسئلہ کشمیر کی طرف دھکیل رہی ہے ۔ مشیر خارجہ و قومی سلامتی نے کہاکہ یہ امر حیران کن ہے کہ بھارتی خارجہ پالیسی اسٹیبلشمنٹ اپنی تمام تر مہارت کے باوجود اس واضح حقیقت کو نہیں سمجھ پائی کہ پاکستان میں نہ صرف سیاسی قیادت بلکہ پوری قوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں انکی سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت کیلئے پوری طرح پر عزم ہے ۔