الیکشن ٹریبونل نے این اے 122 کا نتیجہ کالعدم قرار دے دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 22 اگست 2015 19:05

الیکشن ٹریبونل نے این اے 122 کا نتیجہ کالعدم قرار دے دیا

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 22 اگست 2015 ء) الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے 122 کے 2013 کے انتخابات کا نتیجہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق این اے 122 کے الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم ملک نے اسپیکر ایاز صادق کیخلاف فیصلہ دیتے ہوئے این اے 122 کا 2013 کا نتیجہ کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا ہے۔ الیکشن ٹریبونل نے پی پی 147 میں بھی دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کو 60 روز کے اندر اندر ری پولنگ کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔ الیکشن ٹریبونل نے دونوں حلقوں میں انتخابات قانون کے مطابق نہ کروانے پر ری پولنگ کروانے کا حکم دیا ہے۔ ٹریبونل کی جانب سے موَقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس کیس کے سلسلے میں اسپیکر ایاز صادق کی جانب سے حکم امتناعی لیے جانے کے باعث اس کیس کے فیصلے میں 14 ماہ کی تاخیر ہوئی۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں انتخابی عذرداری سے متعلق فیصلہ نادرا کی طرف سے جمع کروائی گئی فرانزک رپورٹ کی روشنی میں 100 صفحات پر مبنی ہے۔ تفصیلی فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ 23,000ہزار سے زائد بیلٹ پیپرز پر انتخابی عملے کی مہریں ہی موجود نہیں تھیں جبکہ 6,123 ووٹروں کے شناختی کارڈ کی تصدیق نہیں کی جا سکی۔6پولنگ سٹیشنز میں ووٹر لسٹیں ہی موجود نہیں تھیں جبکہ 570 ووٹ ایسے تھے جو اس حلقے سے تعلق ہی نہیں رکھتے تھے۔ 370 بیگز کی کاؤنٹر فائلز غائب تھیں جبکہ کئی بیگز کی سیلز بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔ فیصلے میں نادرا کی جانب سے جمع کروائی گئی سپلیمنٹری رپورٹ کو بھی بد نیتی پر مبنی قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :