مولانا فضل الرحمن کا فاروق ستار کو فون،رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر تشویش کا اظہار

متحدہ جلد بازی کی بجائے مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے ،مولانا کا مشورہ وزیر اعظم نے دورہ کراچی کے دوران ہمیں نظر انداز کیا ،حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں،الطاف حسین حتمی فیصلہ کریں گے،فاروق ستار کا جواب

ہفتہ 22 اگست 2015 19:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ایم کیو ایم کے کنوینئر فاروق ستار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور رابطہ کمیٹی کی جانب سے استعفوں واپس نہ لینے کے فیصلے پر تشویش کااظہار کیا ہے ،مولانا فضل الرحمن فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کر دی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز ایم کیو ایم کے استعفوں کے حوالے سے حکومت کی جانب سے ثالثی کا کردار ادا کرنے والے مولانا فضل الرحمن نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کو فون کیا اور رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے پر فوری نظر ثانی کی جائے ،ایم کیو ایم کو جلد بازی میں فیصلے نہیں کرنے چاہئیں جس پر ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے ،وزیر اعظم نے دورہ کراچی کے دوران ہمیں نظر انداز کیا ہے اور استعفوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی ہے، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے استعفے واپس نہ لینے کے حوالے سے اصولی فیصلہ کر لیا ہے تاہم حتمی فیصلہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ہی کریں گے،مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے لئے مجھے مکمل مینڈیٹ دیا ہے،آپ کے خدشات سے وزیر اعظم کو ضرور آگاہ کروں گا لیکن ایم کیو ایم کو جلد بازی میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں یہ مذاکرات چلتے رہنے چاہیں،میں معاملے کو حل کرنے کیلئے کوشش کررہاں ہوں اور اس حوالے سے حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں جس پر فاروق ستار نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کا فیصلہ اصول پر مبنی ہے تاہم اس فیصلے کو تبدیل کرنے کیلئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے پاس ہے۔