آئندہ تین دن کے دوران خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی

ہفتہ 22 اگست 2015 21:11

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن کے دوران خیبرپختونخواہ، بالائی پنجاب،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بارش کے دوران شمالی علاقہ جات (گلگت ، بلتستان اور چترال) میں زیادہ درجہ حرارت اور بارش کے باعث مقامی ندی نالوں اور دریاوٴں میں طغیانی کا خدشہ ہے.رپورٹ کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخواہ(مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور،مردان،کوہاٹ ڈویڑن)، بالائی پنجاب(راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویڑن)، اسلام آباد، بالائی فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ بنوں، ڈی آئی خان،ژوب، فیصل آباد، ساہیوال ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن میں چند مقامات پر موسلادھاربارش کا بھی امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہا۔ تاہم مالاکنڈ، لاہورڈویڑن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سرگودھا ڈویڑن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش قصور میں14 ملی میٹر جبکہ لاہور (ائیر پورٹ12،سٹی04)، کالام،استور05،پٹن04 اور بونجی میں03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ کو ملک میں ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں43ڈگری سنٹی گریڈ جبکہ نوکنڈی، شہید بینظیر آباد42، سبی 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔