اداکارہ ٹوئنکل کھنہ ان دنوں اداکاری کے بجائے قلم کاری کے سبب توجہ کا مرکز ہیں

مزاحیہ ہوناایک بات ہے لیکن ان کو کاغذ پر اتار دینا اور قلمبند کرنا بہت آسان نہیں ہوتا‘عامر خان

اتوار 23 اگست 2015 11:30

اداکارہ ٹوئنکل کھنہ ان دنوں اداکاری کے بجائے قلم کاری کے سبب توجہ کا ..

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اگست۔2015ء)بالی وڈ کی اداکارہ ٹوئنکل کھنہ ان دنوں اپنی اداکاری کے بجائے اپنی قلم کاری کے سبب توجہ کا مرکز ہیں۔ حال ہی میں بالی وڈ میں ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کے نام سے معروف عامر خان ان کی تعریف میں الفاظ کا دریا بہا رہے تھے۔راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیہ کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ کا فلمی کریئر قدرے مختصر رہا اور اکشے کمار کے ساتھ شادی کے بعد انھوں نے ایک طرح سے فلم کو خیرآباد ہی کہہ دیا۔

لیکن انھوں نے اپنے لیے دوسرے شعبے کا انتخاب کیا اور وہ تھا لکھنے کا میدان۔پہلے تو انھوں نے کالم لکھنا شروع کیا لیکن حال ہی میں ان کی پہلی کتاب ’مسز فنی بونز‘ آئی ہے جس کی تقریبِ رونمائی میں عامر خان اور کرن جوہر موجود تھے۔عامر خان نے اس موقعے پر کہاکہ جب میں نے ان کے مضامین پڑھنے شروع کیے تو وہ مجھے بہت اچھے لگے، انھوں نے مجھے ہنسایا ان کی قوت متخلیہ اور ادراک کا میں قائل ہوا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہاکہ مزاحیہ ہونا اور چیزوں کے بارے میں مخصوص حسیت رکھنا ایک بات ہے لیکن ان کو کاغذ پر اتار دینا اور قلمبند کرنا بہت آسان نہیں ہوتا۔خیال رہے کہ دونوں نے ایک ساتھ فلم ’میلہ‘ میں اداکاری کی تھی لیکن وہ فلم زیادہ کامیاب نہیں ہوئی تھی۔ٹوئنکل نے عامر کے بارے میں بتایا کہ کس طرح جب ڈائرکٹر نے ان کے کسی مشورے کو نہیں مانا تھا تو وہ ایک چٹان کے پیچھے جاکر روئے تھے۔