صدرارتی قافلے کے راستے میں دھماکا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 23 اگست 2015 15:13

صدرارتی قافلے کے راستے میں دھماکا

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23اگست۔2015ء) پاکستان کے صدر ممنون حسین کے قافلے کے راستے میں آتش بازی کے باعث معمولی دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی اداروں میں پریشان کا شکار ہو گئے۔ راولپنڈی میں واقع ملٹری ہسپتال (ایم ایچ) کے شعبہ چشم (اے ایف آئی او) سے چند گز کے فاصلے پر قائم ٹریفک ریسکیو 15 ہیڈ کوارٹر کی عمارت کے قریب اس وقت آتش بازی کا معمولی دھماکا ہوا جب صدر ممنون حسین ہسپتال سے اپنی آنکھوں کا معائنہ کروا کر واپس روانہ ہوئے۔

صدر ممنون حسین کے سیکیورٹی قافلے میں جدید اسلحے سے لیس پولیس، ایلیٹ فورسز کے کمانڈوز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار شامل تھے۔ جس وقت صدر پاکستان انکھوں کا معائنہ کروانے کے بعد اسلام آباد واپسی پر ان کے قافلے کے گزر جانے کے بعد پشاور روڈ پر قائم ٹریفک ہیڈ کوارٹر کے قریب معمولی دھماکا ہوا جس سے سیکیورٹی اہلکاروں میں بے چینی پھیل گئی۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی ادارے موقع سے کسی بھی مشکوک شخص کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ نام ظاہر نہ کرتے ہوئے ایلیٹ فورس کے ایک کمانڈو کا کہنا تھا کہ ’یہ انتہائی معمولی نوعیت کا دھماکا تھا جوکہ آتش بازی کے ذریعے کیا گیا ، دھماکا فورسز کو پریشان کرنے کے لئے کسی راہ گیر کی جانب سے کیا گیا تھا۔‘ اس کا مزید کہنا تھا کہ ایسا کسی شہری کی جانب سے شرارت کے طور پر کیا گیا۔ ایک پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ’پولیس نے آتش بازی کرتے ہوئے کسی کو نہیں دیکھا، جس کے لیے معذرت خواہ ہیں‘.