حکومت بے روزگاری،دہشت گردی،بجلی و گیس سمیت تمام بحرانوں کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے،بیگم فرحانہ قمر

ہری پوری الیکشن میں عوام نے ایک بارپھرنوازشریف اور مسلم لیگ(ن) پر اعتماد کااظہار کیا،رکن قومی اسمبلی حکومت عوام کی فلاح وبہبود پر خاص توجہ دے رہی ہے ،بلدیاتی الیکشن میں بھی کلین سویپ کرے گی،فیڈرل کپیٹل صدر شعبہ خواتین کا اجلاس سے خطاب

اتوار 23 اگست 2015 16:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اگست۔2015ء) فیڈرل کپیٹل اسلام آبادشعبہ خواتین کی صدر اور رکن قومی اسمبلی بیگم فرحانہ قمرنے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کی مدبرانہ قیادت میں انکی دانشمندانہ پالیسیوں کے نتیجے میں نہ صرف ملکی معیشت مستحکم ہوچکی ہے بلکہ ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہوچکا ہے،مسلم لیگ(ن) کی عوامی اور جمہوری حکومت بے روزگاری،دہشت گردی،بجلی و گیس سمیت تمام بحرانوں کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے-ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں شعبہ خواتین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا-اجلاس میں چاند بی بی،نصرت سلیم،نرگس ناصر،رفعت عظیم،مسز شکور،سعیدہ مشتاق،نصرت قادر،الماس اور دیگر نے شرکت کی-اجلاس سے بیگم فرحانہ قمر نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ ہری پورکے ضمنی انتخاب میں عوام نے ایک بارپھر میاں نوازشریف اور مسلم لیگ(ن) پر اعتماد کااظہار کیا ہے، ہری پور کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کی کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) پاکستان کی سب سے مقبول ترین جماعت ہے اوریہ کامیابی حق و سچ کی فتح اور میاں نوازشریف کی پالیسیوں اور انقلابی اقدامات پراعتماد کا مظہرہے،پاکستان مسلم لیگ(ن)کی کارکردگی عوام میں مسلمہ ہے جبکہ عمران خان صرف زبانی"حسن کارکردگی" کے دعوے کرتے ہیں-بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ صوبہ بختونخواہ کے عوام نے عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت کو مسترد کردیا ہے،وزیراعظم میاں نوازشریف گزشتہ عام انتخابات کے دوران عوام سے جو وعدے کئے تھے ان وعدوں کی تکمیل پر عملدرآمد کی جا رہاہے،حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر خاص توجہ دے رہی ہے اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کارکردگی کی بنیاد پر اب ضمنی انتخابات کے بعد بلدیاتی انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی-بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ میاں نوازشریف محب الوطن اور پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے عملی جدوجہد کرنے والے لیڈر ہیں پاکستان میں سیاسی تبدیلی آ چکی ہے، وزیراعظم میاں نوازشریف ملک کو اندھیرے سے نکال کر روشنی میں لا رہے ہیں، حکومت سمیت پوری پاکستانی عوام پاک فوج کے پشت پر کھڑی ہے،جمہوری و سیاسی استحکام ہی ملک کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے-