برطانوی قوم کے لیے بری خبر، ڈاکٹروں نے خبردار کر دیا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 23 اگست 2015 18:30

برطانوی قوم کے لیے بری خبر، ڈاکٹروں نے خبردار کر دیا

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23اگست۔2015ء)ڈاکٹروں نے برطانوی قوم کو خبردار کر دیا ہے کہ جلد ہی وہ موٹے افراد کی قوم بن جائے گی۔ نیشنل ہیلتھ سروس کے اعداد و شمار کے مطابق ہسپتالوں میں موٹاپے کا علاج کرانے اور موٹاپے کی وجہ سے بیمار ہونے والے افراد کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ پچھلے سال برطانوی ہسپتالوں میں 1 لاکھ 52 ہزار افراد کو موٹا قرار دے کر اُن کا علاج شروع کیا گیا۔

10 سال پہلے ہر سال 1 لاکھ 35 ہزار افراد کو موٹا قرار دیا جاتا تھا۔پچھلے سال ہسپتالوں میں زیادہ تر ایسے مریضوں کو داخل کیا گیا جن کا وزن بڑھنے سے انہیں مختلف بیماریاں لاحق ہو گئی تھیں۔زیادہ تر موٹے افراد کا دل کی بیماریوں میں بھی علاج کیا گیا۔ برطانیہ میں ہر سال 73 ہزار افراد دل کی بیماریوں سے ہلاک ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے مرد مریضوں میں ایسے مریض جن کی عمر 50 سے 70 سال تھی، ان میں موٹاپے کے مریضوں کی زیادہ تعداد پائی گئی۔

ہیلتھ اینڈ شوشل کیئر انفارمیشن سنٹر کے اعداد و شمار کے مطابق زیادہ تر موٹے افراد گھٹنے ، کولہوں ، نیند اور سانس کی بیماریوں کا شکار ہوئے۔ اس کے علاوہ ایسے افراد میں جلد کی انفکیکشن، ہرنیا اور پتے کی پتھری کی بیماری بھی دیکھی گئی۔ نیشنل اوبیسٹی فورم کے ترجمان ٹام فرے کا کہنا ہے کہ اگر یہ اعدادوشمار خطرناک لگ رہے ہیں تو تیار رہیں، آنے والے سالوں میں یہ اعداد و شمار مزید بدتر ہونگے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں موٹاپے اور اس سے پیدا ہونے والی بیماریوں پر قابو پانا ازحد ضروری ہے ورنہ برطانیہ صرف موٹے افراد کی قوم بن جائے گا۔