پاکستان میں 24 ستمبر کو عید الاضحی منائی جانے کا امکان ،عرب ریاستوں میں عیدالاضحی 23ستمبر کو منائی جائے گی

اتوار 23 اگست 2015 23:34

پاکستان میں 24 ستمبر کو عید الاضحی منائی جانے کا امکان ،عرب ریاستوں ..

دبئی / کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23اگست۔2015ء) عرب ریاستوں میں عیدالاضحی 23ستمبر کو منائی جائے گی، پاکستان میں 24 ستمبر کو عید الاضحی منائی جانے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گلف ریاستوں میں ذی الحج کا چاند 13ستمبر کو نظر آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، ساتھ ہی بتایا گیا ہے کہ اس روز چاند گرہن بھی لگے گا جس کی وجہ سے شاید چاند نظر نہ آئے لیکن شارجہ کے ایک ماہرعلم فلکیات ابراہیم الجروان کا کہنا ہے کہ چاند گرہن عید الاضحی پر اثرانداز نہیں ہو گا اور ذی الحج کا چاند 13ستمبر بروز اتوار کو ہی نظر آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ یو اے ای میں ذی الحجہ کا چاند غروب آفتاب کے 3منٹ بعد افق پرایک ڈگری کے زاوئیے پر دکھائی دے گا جبکہ سعودی عرب میں دو ڈگری پر نظر آئے گا۔

(جاری ہے)

ابراہیم الجرون کے مطابق عرب ریاستوں میں عیدالاضحی 23ستمبر کو منائی جائے گی۔ اس طرح دیکھا جائے تو پاکستان میں 24 ستمبر کو عید الاضحی منائی جانے کا امکان ہے۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کے ایک ماہر ڈاکٹر عبدالرزاق ابراہیم نے کہا تھا کہ ذی الحجہ کا چاند نظر آنے کے دن شام 4بج کر 40منٹ سے رات 9بج کر 5منٹ تک جزوی چاندگرہن لگے گا جس کی وجہ سے ذی الحجہ کا چاند دیکھنے میں دشواری ہو گی۔

الجروان کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹر عبدالرزاق سے اتفاق کرتے ہیں کہ اس روز جزوی چاند گرہن ہو گا لیکن وہ ان کی اس بات سے اتفاق نہیں کرتے کہ چاند دیکھنے میں دشواری ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے چاند کی پیدائش غروب آفتاب سے کچھ دیر قبل ہی ہو جائے گی اور وہ سورج ڈوبنے کے کچھ دیر بعد تک دکھائی دیتا رہے گاجبکہ سورج ڈوبنے کے 3منٹ بعد واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

متعلقہ عنوان :