پانچواں ٹیسٹ ، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو اننگ اور 46 رنز سے ہرا دیا

پیر 24 اگست 2015 11:41

پانچواں ٹیسٹ ، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو اننگ اور 46 رنز سے ہرا دیا

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24اگست۔2015ء) آسٹریلیا نے پانچویں اور آخری ایشز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو اننگ اور 46 رنز سے شکست دے دی لیکن انگلینڈ نے سیریز 2-3 سے اپنے نام کر لی ۔ اوول لندن میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگ 203 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی تو اسے اننگ کی شکست سے بچنے کیلئے 129 رنز درکار تھے ۔

سکور 221 تک پہنچا تو مارک ووڈ پیٹر سڈل کی گیند پر آؤٹ قرار دہے گئے جبکہ سکور میں 2 رنز کے اضافے سے 40 رنز بنانے والے جوز بٹلر بھی مچل مارش کو وکٹ دے بیٹھے ۔ اس موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کے باعث کھیل دو گھنٹے سے زائد دیر تک رکا رہا ۔ جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو سٹورٹ براڈ اور معین علی نے 9ویں وکٹ کیلئے 40 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اسی موقع پر سڈل نے براڈ کی وکٹیں بکھیر دیں ،وہ 11 رنز بنا سکے ۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کو آخری وکٹ کیلئے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور 286 کے سکور پر معین علی 35 رنز بنانے کے بعد پیٹر سڈل کو وکٹ دے بیٹھے جس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایک اننگ اور 46 رنز کے ساتھ شکست دے کر آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اپنے کپتان مائیکل کلارک کو شاندار انداز میں رخصت کیا لیکن اس فتح کے باوجود آسٹریلیا کو سیریز میں 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

آسٹریلیا کی جانب سے سڈل نے 4 جب کہ نیتھن لیون اور مارش نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں ۔ سٹیو سمتھ کو 143 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ ریٹائر ہونے والے ایک اور آسٹریلوی بلے باز کرس روجرز اور انگلینڈ کے جو روٹ کو سیریز میں بہترین بیٹنگ کرنے پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا ۔