بھارتی کرکٹ بورڈ نے داؤد ابراہیم کی موجودگی کا الزام عائد کرکے ایک بار پھر پاکستان سے کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا

پیر 24 اگست 2015 12:23

بھارتی کرکٹ بورڈ نے داؤد ابراہیم کی موجودگی کا الزام عائد کرکے ایک ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے داؤد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کا الزام عائد کرکے ایک بار پھر پاکستان سے کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔ داوٴد ابراہیم پر 1993 میں ممبئی میں ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے جس میں 257 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور وہ بھارت میں مطلوب دہشت گرد ہیں ان پر دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کرنے، منی لانڈرنگ اور اغوا کے مقدمات ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس بات کو جواز بناتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان سے کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ داوٴد ابراہیم کراچی میں ہے ‘قومی سلامتی کے مشیر یہاں علیحدگی پسندوں سے ملنا چاہتے ہیں ‘کیا آپ واقعی امن کے بارے میں سنجیدہ ہیں اور آپ ہم سے امید کرتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ کرکٹ کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی بورڈ کے درمیان ایک معاہدے کی یادداشت کر دستخط کیے گئے تھے جس کے تحت پی سی بی نے اپنے بھارتی ہم منصب سے دسمبر میں دوطرفہ سیریز کھیلنے کی درخواست کی تھی۔پروگرام کے تحت بھارت کو پاکستان سے دو ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے جہاں پاکستان ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات میں پڑوسی ملک کی میزبانی کرتا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان 2007 میں انڈیا میں کھیلی گئی کرکٹ سیریز کے بعد سے کوئی باقاعدہ مکمل کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی۔بھارت کو اسکے بعد اگلی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنا تھا تاہم 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کے ساتھ ساتھ کرکٹ تعلقات بھی متاثر ہوئے اور اس کے بعد متعدد کوششوں کے باوجود کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جا سکی۔انوراگ ٹھاکر نے واضح کیا کہ جب تک سرحد پار دہشت گردی نہیں رکتی اس وقت تک کرکٹ تعلقات بحال نہیں ہو سکتے۔

متعلقہ عنوان :