فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کے صدارتی امیدوار چنگ منگ جون پر کرپشن کے الزامات عائد کر دیئے گئے

پیر 24 اگست 2015 12:25

فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کے صدارتی امیدوار چنگ منگ جون پر کرپشن ..

برلن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء)فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کے صدارتی امیدوار چنگ منگ جون پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے مالی طور پر فیفا پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے 2022 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی جنوبی کوریا کو دلانے کی کوشش کی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن اخبار نے حوالہ دئیے بغیر دعویٰ کیا کہ معروف ارب پتی صنعت کار نے اپنے ملک جنوبی کوریا کو ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی دلانے کی کوشش کرتے ہوئے فیفا کو کئی منصوبوں میں 777 ملین ڈالر کی مشروط امداد کی پیشکش کی جو اخلاقی قواعد کی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے اگر یہ الزام صحیح ثابت ہو گیا تو ان پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

نئے الزام سے ان کے فیفا کی صدارت کے خواب کو بھی شدید دھچکا پہنچ سکتا ہے جس کا انتخاب آئندہ سال 26 فروری کو ہو گا اور صدارت کے تمام امیدواروں کو 26 اکتوبر تک فیفا کی رکن ایسوسی ایشنز میں سے کم از کم پانچ ارکان کی حمایت کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنا نام فیفا کی صدارت کے حتمی امیدواروں کی فہرست میں شامل کرا سکیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ فیفا نے دسمبر 2010 میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی قطر کو دینے کا اعلان کیا تھا تاہم جرمن اخبار ویلٹ ایم سوناٹیگ نے انکشاف کیا کہ چنگ منگ نے 2022 ورلڈ کپ کی میزبانی جنوبی کوریا کو دلانے کیلئے کھیل کی عالمی تنظیم کو خریدنے اور انہیں کئی منصوبوں میں مشروط امداد کی پیشکش کی تاکہ ووٹ پر اثر انداز ہو سکیں۔

اخبار نے دعویٰ کیا کہ فیفا کے سابق نائب صدر نے اکتوبر 2010 میں فیفا کو ایک خط کے ذریعے یہ پیشکش کی جس میں کہا گیا کہ اگر 2022 عالمی کپ کی میزبانی جنوبی کوریا کو دی جاتی ہے تو وہ فیفا کے مجوزہ منصوبوں میں مدد کیلئے تیار ہیں۔اس سے قبل بھی چنگ منگ پر پاکستان سمیت دیگر ملکوں کو رشوت دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا جس کی انہوں نے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم دنیا کے متعدد ملکوں میں فلاحی کاموں پر رقم خرچ کرتے ہیں اور پاکستان کو رقم بھی اسی کے تحت دی گئی۔جنگ منگ جنوبی وکریا کی مشہور موٹر ساز کمپنی ہائنڈائی کے مالک ہیں اور انہوں نے گزشتہ پیر پیرس میں فیفا کی صدارت کیلئے اپنی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔