وزیراعظم نواز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کل قازقستان کا دو روزہ دورہ کرینگے

پیر 24 اگست 2015 13:13

وزیراعظم نواز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کل قازقستان کا دو روزہ دورہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کل منگل سے قازقستان کا دو روزہ دورہ کرینگے‘ دورہ میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سمجھوتوں پر دستخط ہونگے‘ وزیراعظم نواز شریف سے قازقستان کے صدر اور وزیراعظم کی ملاقاتیں ہوں گی جن میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پیر کو ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل الله نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف 25اور 26اگست کو قازقستان کا دورہ کرینگے اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ جائیگا۔ وزیراعظم نواز شریف قازقستان کے صدر نور سلطان نذر بایوف کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں۔ دورہ وسط ایشیائی ملکوں کے ساتھ مضبوط تعلقات کے لئے وزیراعظم کے ویژن کا عکاس ہے۔

(جاری ہے)

دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سمجھوتوں پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ قریبی برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ملکوں خیالات میں ہم آہنگی ہے وزیراعظم آستانا میں قازقستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔ قازقستان کی قیادت سے دو طرفہ تعلقات‘ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دسمبر 1991ء میں سفارتی تعلقات قائم ہوئے۔ پاکستان قازقستان کے ساتھ سب سے پہلے سفارتی تعلقات قائم کرنے والوں میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :