ماضی کی معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی 19ویں برسی پرسوں منائی جائیگی

پیر 24 اگست 2015 13:22

ماضی کی معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی 19ویں برسی پرسوں منائی جائیگی

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء)ماضی کی معروف اداکارہ خالدہ ریاست کی 19ویں برسی (بدھ )کو منائی جائے گی ۔وہ یکم جنوری 1953 ء کو پیدا ہوئیں اور 1970 ء کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن پر اداکاری شروع کی ۔ ان کے مشہور ڈراموں میں کھویا ہوا آدمی ،دھوپ دیوار ،سلورجوبلی ،تعبیر ،اب تم جاسکتے ہو، پناہ،بندش ،ہاف پلیٹ اور پڑوسی شامل ہیں۔

ان میں سے 80 کی دہائی میں بننے والے ڈرامے بندش میں خالدہ ریاست نے اداکاری کے بے مثال جوہر دکھا کر مداحوں کے دلوں میں وہ جگہ بنائی کہ کامیابیاں ان کے قدم چومتی چلیں گئیں۔خالدہ ریاست نے نہ صرف سنجیدہ کردار ادا کیے بلکہ مزاحیہ اداکاری میں بھی خود کو منوایا۔ 90کی دہائی میں بننے والے طویل دورانیے کے کھیل ”ہاف پلیٹ ‘میں معین اختر کے سنگ اداکاری کے ذریعے ثابت کر دیا کہ وہ ہر کردار کو نبھانا بخوبی جانتی ہیں۔

(جاری ہے)

اپنی دلفریب اداکاری کے باعث مداحوں کو متاثر کرنے والی ماضی کی مشہور اداکارہ خالدہ ریاست نے پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری میں مختلف کردار نبھا کر خود کو منوایا۔خالدہ ریاست کی کامیابیوں کا مزید سلسلہ دراز ہوتا مگر کینسر جیسے موذی مرض نے اس باصلاحیت اداکارہ کو دیمک کی طرح چاٹ لیا۔ 26اگست 1996ء کو خالدہ ریاست کینسر سے لڑتے لڑتے جان کی بازی ہار گئیں مگر ان کی ٹیلی ویژن کے لیے دی جانے والی خدمات آج بھی انھیں مداحوں کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہیں۔