مشیرخارجہ کی پیروی ، چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا بھی دورہ بھارت سے گریز

پیر 24 اگست 2015 14:34

مشیرخارجہ کی پیروی ، چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا بھی دورہ بھارت سے ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24اگست۔2015ء) پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور سابق سفارت کار شہر یار خان نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا دورہ منسوخ ہونے کے بعد ان کی پیروی کرتے ہوئے بھارت جانے کا ارادہ ترک کردیا ہے تاہم وہ آئندہ ہفتے بھارتی کرکٹ بورڈ کو خط لکھیں گے جس میں سیریز کے حوالے سے بھارتی بورڈ سے فیصلہ کن موقف لیں گے ۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ جس ماحول میں سرتاج عزیز کا دورہ منسوخ ہوا ہے اسکے بعد اب سیریز ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں لیکن آخری کوشش کے طور پر وہ آئندہ ماہ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کو خط لکھ رہے ہیں جس میں بھارتی بورڈ کو یہی کہا جائے گا کہ آپ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھیں۔

(جاری ہے)

آپ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے ایم او یو پر دستخط کئے ہوئے ہیں۔

دسمبر کی سیریز پاکستان سے باہر ہورہی ہے اس لئے بھارتی بورڈ معاہدے کا احترام کرتے ہوئے سیریز کھیلے۔ شہریار خان نے کہا کہ انہیں علم ہے سیریز کےلئے گیند بھارتی بورڈ کے پاس نہیں حکومت کے کورٹ میں ہے ۔ بھارتی بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے جو بیانات دیئے ہیں اس سے سیریز کے مستقبل پر گہرے بادل منڈلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھارت جانا بیکار ہے البتہ حالات کا تقاضہ یہی ہے کہ ہم پلان بی پر کام شروع کردیں۔ اس حوالے سے ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں سے بھی بات چیت کررہے ہیں اور ون ڈے سیریز کرانے کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔ شہریار خان نے کہا سیریز کے مستقبل کا فیصلہ دو ماہ میں ہوجائے گا۔ اس دوران ہم حکومت پاکستان سے بھی رہنمائی لیں گے ۔