جعلی ای فارم کے ذریعے اربوں روپے کا فراڈ سامنے آنے پر کسٹم حکام حرکت میں آ گئے

پیر 24 اگست 2015 15:34

جعلی ای فارم کے ذریعے اربوں روپے کا فراڈ سامنے آنے پر کسٹم حکام حرکت ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) جعلی ای فارم پر اربوں روپے کی برآمدات پر کسٹم حکام کودوسال بعد ہوش آگیا۔ 17 بینکوں سے ای فارمز کی تصدیق کیلئے کسٹم انٹرنل آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کی تین رکنی ٹیم تشکیل دی گئی۔ تحقیقات کا فیصلہ سونا اسمگلنگ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے 45 ارب روپے کا سونا اسمگلنگ اسکینڈل بے نقاب کیا تو محکمہ کسٹم کی آنکھیں بھی کھل گئیں۔

جعلی ای فارم پر سونا اسمگلنگ کے انکشاف کے بعد بینکوں سے تحقیقات کا فیصلہ کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ای فارم ایک بینک گارنٹی ہوتی ہے جو برآمدکنندگان کو جاری کیا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کسٹم انٹرنل آڈٹ پچھلے دو برس میں کھربوں روپے مالیت کی چار ہزار سے زائد برآمدات کیلئے استعمال ہونے والے ای فارمز کی چھان بین کرے گا جس کیلئے سترہ بینکوں سے تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔

بینکوں سے تفصیلات ملنے کے بعد اسٹیٹ بینک حکام سے بھی اس حوالے سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ کسٹم انٹرنل آڈٹ کی جانب سے جاری کی جانیوالی رپورٹ کے مطابق صرف ایک نجی بینک سے ایک کھرب گیارہ ارب روپے مالیت کے ای فارمز کی تصدیق کی جائیگی۔حکام کا کہنا ہے کہ جعلی ای فارمز پر برآمدات کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔