ایک نمبر پلیٹ چھ، چھ گاڑیوں کو لگا دی گئی، نظام خاک بہتر ہو گا، سپریم کورٹ

گزشتہ دوروزمیں 500 غیررجسٹرڈ گاڑیاں تحویل میں لی گئیں، بس ٹرمینل ،پارکنگ نظام نہ ہونے پر ٹریفک مسائل جنم لے رہے ہیں،ڈی آئی جی ٹریفک

پیر 24 اگست 2015 16:27

ایک نمبر پلیٹ چھ، چھ گاڑیوں کو لگا دی گئی، نظام خاک بہتر ہو گا، سپریم ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء)فینسی نمبرپلیٹ اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پیش کر دی گئی ہے۔ دوران سماعت جسٹس امیرہانی مسلم نے کہا کہ ایک نمبرپلیٹ 6،6 گاڑیوں پر لگا دی گئی ہے، نظام خاک بہتر ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پیرکوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں فینسی نمبرپلیٹ اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں سے متعلق کیس کی سماعت کی گئی۔

کمشنرکراچی شعیب صدیقی،ڈی آئی جی ٹریفک منیراحمدشیخ،سیکرٹری خزانہ سمیت دیگراعلیٰ حکام عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عدالت عظمی نے سیکرٹری ایکسائزکی غیرحاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک منیراحمدشیخ کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دوروزمیں 500 غیررجسٹرڈ گاڑیاں تحویل میں لی گئیں۔

(جاری ہے)

بس ٹرمینل اور پارکنگ نظام نہ ہونے پر ٹریفک مسائل جنم لے رہے ہیں۔

جسٹس امیرہانی مسلم نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ ایک سال سے نمبرپلیٹس جاری نہیں کی جا رہیں۔ ایک نمبرپلیٹ چھ،چھ گاڑیوں پر چپکا دی گئی۔ معززجج نے حکم دیاکہ آئندہ بنا رجسٹریشن کوئی بھی گاڑی پورٹ سے باہرنہیں آنی چاہیے۔جسٹس سرمدجلال عثمانی نے استفسار کیا کہ انڈرپاس کیوں نہیں بنائے جا رہے۔ جواب میں کمشنر کراچی نے بتایا کہ انڈرپاس کی تعمیرکیلئے کراچی الیکٹرک معاوضہ مانگ رہا ہے جس پر معزز جج نے ریمارکس دیئے کہ جب کراچی الیکٹرک والے بجلی کا پول لگاتے ہیں تو کس کوادائیگی کرتے ہیں، مفاد عامہ کے کاموں کو پیسوں کی مشین نہ بنایا جائے۔

جسٹس امیرہانی مسلم نے کہاکہ سندھ پولیس میں رشوت لیکر بھرتیاں کی جا رہی ہیں، مڈل پاس افراد کو بھی بھرتی کیا گیا۔ سیکرٹری خزانہ نے بتایا کہ دوسال میں 20ہزار اہلکار بھرتی کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔