وفاقی کابینہ کا آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن جاری رکھنے کا فیصلہ ‘ نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد تیز کر نے کی ہدایت

پیر 24 اگست 2015 16:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) وفاقی کابینہ نے نیشنل ایکشن پلان پرمکمل اعتماد کااظہا ر ‘ دہشت گردی کے خاتمے تک ضرب عضب اورکراچی آپریشن جاری رکھنے کافیصلہ کرتے ہوئے وزارت خارجہ کوبھارتی جارحیت کیخلاف سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی اورسلامتی کی صورتحال پر غور اور مختلف وزارتوں کی کارکردگی کاجائزہ بھی لیا گیا۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پرپیش رفت پربریفنگ دی گئی وفاقی کابینہ نے نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد پراعتماد کااظہارکرتے ہوئے ملک بھرمیں دہشت گردی کیخلاف جاری آپریشن کوتیزکرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

کابینہ کے اجلاس میں ایک سوبیس ایجنڈا آئٹم پیش کئے گئے جن میں سے ایک سوسولہ کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے مختلف ممالک کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کی بھی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے پولی کلینک ہسپتال کی توسیع اور اردوکو دفتر زبان بنانے کی بھی منظوری دیدی اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت کی۔کابینہ کے اجلاس کے آغاز پر اٹک میں دہشتگردی کے حملے میں جاں بحق ہونے والے پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔