پاک بھارت سیریز دونوں ملکوں کے بورڈز کا معاملہ ہے،آئی سی سی اس میں اپنا کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے، کارکردگی بہتر ہوگی تو سب اس کی طرف آئیں گے، آئی سی سی دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ و ترقی کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان کو مناسب وقت کا انتظار کرنا چاہئے۔ حالات اب بہتری کی طرف گامزن ہیں، مناسب وقت آنے پر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہو جائے گی

آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس کی میڈیا اور سیالکوٹ ایوان صنعت وتجارت کے اجلاس سے خطاب

پیر 24 اگست 2015 20:15

پاک بھارت سیریز دونوں ملکوں کے بورڈز کا معاملہ ہے،آئی سی سی اس میں اپنا ..

لاہور/سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کے صدر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز دونوں ملکوں کے بورڈز کا معاملہ ہے۔ آئی سی سی اس میں اپنا کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے، کارکردگی بہتر ہوگی تو سب اس کی طرف آئیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سابق لیجنڈ بیٹسمین اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے موجودہ صدر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کوئی معمولی نہیں ہے۔

اس کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے۔ اس کی کارکردگی بہتر ہوگی تو سب اس کی طرف آئیں گے۔ ظہیر عباس نے کہا کہ پاک بھارت سیریز کھیل کیلئے بہتر ہے۔ پڑوسی ممالک کے کھیلنے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئیگی۔

(جاری ہے)

تاہم یہ سیریز دونوں ملکوں کے بورڈز کا معاملہ ہے۔ آئی سی سی اس میں اپنا کوئی کردار اد نہیں کر سکتی۔قبل ازیں سیالکوٹ ایوان صنعت وتجارت میں بزنس کمیونٹی کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ یہاں جلد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو۔

تاہم پاکستان کو اس سلسلہ میں ابھی مناسب وقت کا انتظار کرنا ہوگا۔ظہیر عباس نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سیالکوٹ میں کرکٹ کے فروغ کے لئے کرکٹ گراؤنڈز بنائے تاکہ سیالکوٹ میں کرکٹ کے قدرتی ٹیلنٹ کی بھروپر حوصلہ افزائی ہو سکے۔ سیالکوٹ کے ایکسپورٹرز اپنی مدد آپ کے تحت انٹر نیشنل ائیرپورٹ اور اب اپنی ائیرلائن بنانے کے بعد اب انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے فائیو سٹار ہوٹل بھی بنائے۔ قبل ازیں سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت آمد پر سیالکوٹ کے سپوت صدر آئی سی سی ظہیر عباس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔