چوہدری نثار کی پریس کانفرنس کے وقت میں 3 مرتبہ تبدیلی، صحافیوں کا وزیراعظم آفس کے کیبنٹ روم میں طویل انتظار

پیر 24 اگست 2015 21:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس کا وقت 3 مرتبہ تبدیل کیا گیا، اخبار نویسوں کو وزیراعظم آفس کے کیبنٹ روم میں طویل انتظار کرایا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد طے شدہ شیڈول کے تحت وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس سہ پہر 4بجے بلائی گئی اور اخبار نویسوں کو بھی یہی وقت دیا گیا تاہم وزارت داخلہ کے ترجمان اس دوران اخبار نویسوں سے ایس ایم ایس اور وٹس ایپ پر مسلسل رابطے میں رہے اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر انہوں نے 4کی بجائے پریس کانفرنس کا وقت 5 بجے بتایا اور جب 5 بجے کے قریب انہوں نے شیڈول کی تبدیلی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حتمی طور پر وزیر داخلہ 6 بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے، اس دوران کیبنٹ روم میں پی آئی او راؤ تحسین علی خان اور دیگر افسران اخبار نویسوں کے ساتھ موجود رہے، پریس کانفرنس میں تاخیر وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کی وزیر اعظم ہاؤس میں ایم کیو ایم کے وفد سے وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات میں موجودگی بتائی گئی اور جونہی وہ وزیراعظم ہاؤس سے واپس آئے تو پریس کانفرنس شروع کر دی گئی جو کہ ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہی۔