لاڑکانہ میں معصوم بچی کو زندہ جلا کر ہلاک کرنے کی سختی سے مذمت کرتے ہیں ،صارم برنی

انصاف نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ہے دن بدن ایسے واقعات لمحہ فکریہ ہیں،چیئرمین ٹرسٹ

پیر 24 اگست 2015 22:49

لاڑکانہ میں معصوم بچی کو زندہ جلا کر ہلاک کرنے کی سختی سے مذمت کرتے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) حقوق انسانی کی تنظیم صارم ویلفیئر ٹرسٹ ا نٹرنیشنل کے چیئر مین صارم برنی نے لاڑکانہ میں ہونے والی بربریت پر گہر ے دکھ اور رنج کا اظہار کیا جس میں دو معصوم بچوں پانچ سالہ سمیہ شیخ جو بعد ازاں جانبر نہ ہوسکی اور اس کا بڑا بھائی محمد اویس جو زخمی ہے کو صرف اس لئے جلا دیا گیا گیا کہ وہ پاکستان کے جھنڈے اور بیجز فروخت کر رہے تھے ۔

صارم برنی نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا کہ آخر ہمارے ملک میں ہو کیا رہا ہے جہاں بڑے تو بڑے اب بچے بھی محفوظ نہیں ہیں اور سانحہ قصور کے بعد سے ہماری حکومت کو ایسے سخت قوانین بنانے کی ضرورت ہے کہ جہاں بچوں کو مکمل تحفظ حاصل ہو اور وہ آزادی سے جی سکیں آج کل تو بچوں کو گھر سے نکالتے ہوئے بھی ڈر لگتا ہے کہ پتہ نہیں کب کیا ہو جائے اور جب تک زیادتی اور قتل کے ملزمان کو سخت سزائیں نہیں دی جائینگی تب تک ایسے لوگوں کی سر کوبی ممکن نہیں ۔

(جاری ہے)

صارم برنی نے کہا کہ ایسے وقت میں جب معصوم بچوں اور بچیوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہو ہم ان گھناؤنی حرکتوں پر آنکھیں نہیں موند سکتے، صارم ویلفئیر ٹرسٹ اپنے طور پر جو کر سکتا ہے وہ ضرور کرے گا اور آئندہ کے لئے ایسے گھناؤنے واقعات اور ان کی روک تھام کے لئے بھی اپنی آواز بلند کرتا رہے گا ۔صارم برنی نے کہا کہ ملک بھر میں اگر کہیں کسی کے ساتھ کوئی ظلم ہورہاہو اور اس کی شنوائی نہ ہوئی ہو تو وہ صارم ویلفئیر ٹرسٹ سے رابطہ کر سکتا ہے صارم ٹرسٹ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ان کے لئے آواز بلند کرے گا جس کے لیئے آپ ہمارے ان نمبرز: 021-111-955-855 موبائل نمبر: 0301-8222267, 0336-8222267اور ہماری ویب سائٹ : www.sarimburneytrust.org، پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔

صارم برنی نے کہا کہ صارم ویلفئیر ٹرسٹ صوبائی اور وفاقی وزرائے داخلہ سے اپیل کرتا ہے کہ ایسے درندوں کو قانون کی گرفت میں لے کر انہیں سزائے موت دلواکر ایک مثال قائم کریں تاکہ ایسے لوگوں کو ایک سخت پیغام جائے کہ خواتین و بچیوں کے خلاف تشدد کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :