وفاقی کابینہ کا اجلاس ، نیشنل ایکشن پلان پر چوہدری نثار کی دو گھنٹے سے زائد طویل بریفنگ کے دوران کسی وفاقی وزیر نے وزیر داخلہ سے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے کوئی سوال نہیں کیا ، وزیراعظم اور چوہدری نثار آپس میں مخاطب اور معنی خیز انداز میں مسکراتے رہے

پیر 24 اگست 2015 23:41

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، نیشنل ایکشن پلان پر چوہدری نثار کی دو گھنٹے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24اگست۔2015ء) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دہشتگردی اور انتہائی پسندی کے خاتمہ کیلئے بنائے گئے نیشنل ایکشن پلان پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی طویل بریفنگ کے دوران کسی وفاقی وزیر نے وزیر داخلہ سے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے کوئی سوال نہیں کیا جبکہ وزیراعظم نواز شریف اور چوہدری نثار علی خان آپس میں مخاطب رہے اور ایک دوسرے کی ناصرف تعریف کرتے رہے بلکہ معنی خیز انداز میں مسکراتے بھی رہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں پیر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے 16 دسمبر 2014ء کو پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد نیشنل ایکشن پلان کی تیاری سے لیکر اب تک اس پر عملدرآمد اور کامیابیوں سے متعلق طویل بریفنگ دی جو دو گھنٹے 22 منٹ تک جاری رہی ۔

(جاری ہے)

ایک اہم وفاقی وزیر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مجھ سمیت کسی بھی وفاقی وزیر یا وزیر مملکت نے نیشنل ایکشن پلان پر وزیر داخلہ سے کوئی سوال نہیں کیا کیونکہ وزیر داخلہ نے اتنی جامع اور مدلل بریفنگ دی تھی کہ میری نظر میں سوال کی کوئی گنجائش ہی نہیں تھی جب ان سے یہ کہا گیا کہ کیا یہ چوہدری نثار علی خان کی قابلیت کی وجہ سے کسی نے سوال نہیں کیا یا ان کے دبدبے کی وجہ سے جس پر متعلقہ وزیر مسکرا پڑے اور اس بات کا کوئی جواب نہیں دیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک مرحلے پر وزیر داخلہ نے وزیراعظم نواز شریف کی نیشنل ایکشن پلان اور مجموعی طور پر ملک میں دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے اب تک ہونیوالی کامیابیوں پر وزیراعظم کو مبارکباد دی اور کہا کہ وزیراعظم اور عسکری قیادت دونوں مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے ہلکے پھلکے انداز میں وزیراعظم سے یہ شکوہ بھی کیا کہ وہ چند روز قبل جب کراچی گئے تو انہوں نے کراچی آپریشن کے حوالے سے سندھ پولیس کی تعریف کی تاہم وزارت داخلہ کا ذکر کرنا شاید بھول گئے جس پر وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ چوہدری صاحب میں اپنی تعریف کروں یا آپ کی تعریف کروں ایک ہی بات ہے تو وزیر داخلہ نے کہا کہ چونکہ کراچی آپریشن کی کوآرڈینیشن کررہی ہے اور آپ کی ہدایت پر وززارت داخلہ کی کوآرڈینیشن کے کراچی آپریشن پر بہت مثبت اثرات ملے ہیں جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ چوہدری صاحب میں آپ سے اتفاق کرتاہوں ۔

دریں اثناء ایک اور ذریعے نے بتایا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی طویل بریفنگ کے دوران متعدد وزاراء نوٹس بھی لیتے رہے اور ایک وفاقی وزیر کیبنٹ روم میں ٹھنڈک زیادہ ہونے کی اونگھنے لگ گئے جس پر وفاقی وزیر نے انہیں کوہنی مار کر جگایا ۔