پاک بھارت مذاکرات کی منسوخی کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے امکانات بہت کم رہ گئے ہیں ‘شہر یار خان

منگل 25 اگست 2015 11:10

پاک بھارت مذاکرات کی منسوخی کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے تسلیم کیا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات کی منسوخی کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کے امکانات بہت کم رہ گئے ہیں۔شہریار خان نے بی بی سی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہو جاتے تو پھر شاید ماحول بہتر ہو جاتا اور کرکٹ روابط کی بحالی بھی ہو سکتی تھی تاہم مذاکرات کی منسوخی نے کرکٹ سیریز کی امیدوں کو بھی کم کر دیا ہے۔

شہریار خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور اس ضمن میں دوبارہ بی سی سی آئی سے رابطہ کیا جائے گا۔شہریار خان نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کے حالیہ بیانات کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف واضح ہے کہ کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھا جائے اور انھیں امید ہیکہ اکتوبر نومبر تک ماحول بہتر ہو جائے تو پھر کرکٹ سیریز کا انعقاد ممکن ہو سکے لیکن فی الوقت یہ امکانات بہت کم ہیں۔

(جاری ہے)

شہریار خان نے بھارتی وزیراعظم مودی کا دو تین ماہ قبل دیا ہوا بیان یاد دلایا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ اہم معاملات پر بات چیت اس وقت تک نہیں کریں گے جب تک ماحول بہتر نہ ہو جائے لیکن وہ کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔شہریارخان نے کہا کہ 1999 میں جب وہ پاکستانی ٹیم کے منیجر بن کر گئے تھے تو اس وقت بھی پاک بھارت تعلقات کشیدہ تھے اور جب 2004 میں بھارتی ٹیم پاکستان آئی تھی اس وقت بھی تعلقات خوشگوار نہیں تھے لیکن اس وقت بھی کرکٹ ہوئی اور اسی کرکٹ کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی۔یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2007 میں بھارت میں کھیلی گئی تھی ۔2012 کے اواخر میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کا مختصر دورہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :