سانحہ پشاور پر بھارتی موسیقاروں نے گانا بنا لیا

منگل 25 اگست 2015 11:42

سانحہ پشاور پر بھارتی موسیقاروں نے گانا بنا لیا

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء)سانحہ پشاور کا غم اپنے دل میں بسائے بھارتی موسیقاروں نے گانا ریلیز کردیا-بھارت کے نامور موسیقار سلیم مرچنٹ اور سلیمان مرچنٹ نے گزشتہ سال پشاور سانحہ میں شہید بچوں کے لیے ایک گانا بنایا ہے۔16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد اپنی جانوں سے محروم ہوئے جن میں اکثریت بچوں کی تھی۔

(جاری ہے)

سلیم اور سلیمان نے’ ’خالی پن“ حال ہی میں ریلیز کیا جس میں دکھایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں بچوں پر کتنا ظلم کیا جاتا رہا ہے اور اگر اس دنیا سے تمام بچے ختم ہوگئے تو دنیا کتنی ویران اور خالی ہوجائے گی۔اپنے گانے کے حوالے سے سلیم کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ پشاور سانحہ میں بچوں نے گولیوں سے بچنے کے لیے بینچوں کے نیچے پناہ لی تھی اور ہمارا گانا اسی واقعے پر بنایا گیا ہے۔اس سانحہ سے متاثر ہوکر دونوں موسیقاروں نے یہ گانا ریلیز کیا جس میں دنیا بھر کے بچوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف پیغام دیا گیا ہے۔