مالک مکان سے جھگڑے کے بعد لڑکی نے رہائش کا انتہائی انوکھا طریقہ ڈھونڈ لیا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی منگل 25 اگست 2015 12:46

مالک مکان سے جھگڑے کے بعد لڑکی نے رہائش کا انتہائی انوکھا طریقہ ڈھونڈ ..

جرمنی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست2015ء)جرمنی سے تعلق رکھنے والی طالبہ اپنے مالک مکان کے رویے سے اتنی تنگ ہوئی کہ اس نے ریل گاڑی میں رہنے کا فیصلہ کر لیا۔ 23 سالہ لیونی ملر نے مالک مکان سےجھگڑے کے بعد فیصلہ کیا کہ اب وہ اس مکان میں نہیں رہے گی، اس نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ اب وہ کہیں بھی نہیں رہے گی۔ لیونی نے ریلوے کا 240 پاؤنڈ مالیت کا ٹکٹ خریدا۔

جرمن ریلوے کا یہ ٹکٹ ایک ماہ تک کارآمد ہوتا ہے، اس سے پورے ملک میں ریلوے کے ذریعے جتنا مرضی چاہے سفر کیا جائے۔اس سے پہلے لیونی اپنے مالک مکان کو 290 پاؤنڈ کرایہ دے رہی تھی۔ لیونی نے اپنی ملکیتی تمام سامان ، جس میں کپڑے، ٹیبلٹ، کمپیوٹر، پڑھنے کی کتابیں اور سینیٹری بیگ شامل ہیں، ایک بڑے بیگ میں رکھا اورریل میں رہنے لگی۔

(جاری ہے)

وہ ریل میں ہی ہاتھ منہ دھوتی ہے، ریل کا باتھ روم استعمال کرتی ہے اور ریل میں ہی پڑھتی اور سوتی ہے۔

لیونی کا کہنا ہے کہ میں ریل کو ہی اپنا گھر سمجھتی ہوں۔ ریل کی وجہ سے میں اپنے سب دوستوں سے مل سکتی ہوں۔بہت سے شہروں میں گھوم سکتی ہوں، یہ ایسا ہی ہے جیسے آپ ہروقت چھٹیوں پر ہوں۔ لیونی نے کہا کہ وہ ریل میں بہت سے اچھے لوگوں سے ملتی ہے۔اکثر وہ اپنے بوائے فرینڈ، اپنی ماں، اپنی دادی اور دوسرے دوستوں کے گھروں میں رات گذار لیتی ہے۔ اس کے کچھ دوست تو اس کے ریل میں رہنے کے فیصلے کو اچھا قرار دیتے ہیں مگر اکثریت ایسے دوستوں کی ہے جو اسے برا سمجھتی ہے۔