انگلش پریمیئرلیگ، مانچسٹر سٹی نے ایورٹن کو ہرادیا

منگل 25 اگست 2015 13:14

انگلش پریمیئرلیگ، مانچسٹر سٹی نے ایورٹن کو ہرادیا

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25اگست۔2015ء) سابق چیمپئن مانچسٹر سٹی نے یک طرفہ مقابلے میں ایورٹن کو قابو کرکے انگلش پریمیئر لیگ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی جبکہ واٹ فورڈ اورساؤتھمپٹن کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا ۔ سیلٹا ڈی ویاگو نے سنسنی خیز مقابلے میں لیونٹے کو 1-2 سے شکست دی ۔ ریال میڈرڈ اور سپورٹنگ ڈی گیجون ، ریال بیٹیز اور ویا ریال کے میچز ڈرا ہوگئے ۔

ڈچ لیگ میں آئیکس نے این ای سی کو 0-2 سے ہرا دیا ۔ انگلش پریمیئر لیگ میں کھیلے گئے میچ میں سابق چیمپئن مانچسٹر سٹی اور ایورٹن مدمقابلہ ہوئے۔پہلے ہاف میں کوئی گول نہ ہوسکا ۔ دوسرے ہاف کے 60ویں منٹ میں کولارو نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی ۔ میچ کے اختتام سے 10منٹ قبل سمیر نصری نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر میچ کا سکور 0-2 کردیا۔

(جاری ہے)

ایورٹن کی ٹیم اختتام تک کوئی گول نہ کرسکی۔ اس طرح مانچسٹر سٹی نے یکطرفہ مقابلے میں ایورٹن کو ہرا کر مسلسل تیسری فتح اپنے نام کی ۔ پوائنٹس ٹیبل پرمانچسٹر سٹی کی ٹاپ پوزیشن پر بادشاہت برقرار ہے ۔ لیسٹر شائر دوسرے اور مانچسٹر سٹی تیسرے نمبر پر ہیں ۔ دوسرے میچ میں واٹفورڈ اور ساؤتھمپٹن کے درمیان میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکا ۔ ادھر ریال میڈرڈ سیزن کا فاتحانہ آغاز نہ کرسکی اور سپورٹنگ ڈی گیجون کیخلاف میچ بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا۔

علاوہ ازیں ہالینڈ میں کھیلے گئے فٹبال میچ میں آئیکس کلب اور این ای سی کی ٹیموں میں مقابلہ ہوا۔آئیکس کی ٹیم نے حریف ٹیم کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور شروع سے ہی میچ پر اپنی گرفت کو مظبوط کئے رکھا ۔ آئیکس ٹیم کے پلیئر میلیک نے پہلا گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی ، اس کے بعد کھیل کے آخری لمحات میں حریف ٹیم کے کھلاڑی نے اپنی ہی ٹیم کیخلاف گول کر کے آئیکس کو دو صفر سے کامیابی دلوا دی ۔