دسمبر میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کا امکان رد نہیں کر سکتے ، انوراگ ٹھاکر

منگل 25 اگست 2015 13:29

دسمبر میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کا امکان رد نہیں کر سکتے ، انوراگ ٹھاکر

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25اگست۔2015ء) بھارتی حکمران جماعت کے رکن پارلیمنٹ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی موجود ہے لیکن اسکے باوجود دسمبر میں ہونیوالی پاک بھارت کرکٹ سیریز کے امکانات کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ ابھی دسمبر میں تین ماہ کا وقت باقی ہے دونوں ممالک کے تعلقات بہتری کی جانب آئے تو یہ سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انو راگ ٹھاکر نے کہا کہ یہ ممکن نہیں ہے کہ گولی بھی چلے اور کرکٹ کی گیند بھی پھینکی جائے۔ ہمارے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اچھے تعلقات ہیں ہم آئی سی سی کے اجلاس میں بھی ملتے رہتے ہیں توقع یہی کررہے ہیں کہ دونوں ملکوں کے کشیدہ حالات میں بہتری آئیگی اور سیریز شیڈول کے مطابق دسمبر میں ہی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ سیریز کھیلنے میں سنجیدہ نہیں۔

اس کی بڑی مثال یہ ہے کہ ہم نے دسمبر میں کسی کے خلاف کوئی سیریز نہیں رکھی اور اس بات کی امید لگائے بیٹھے ہیں کہ جس تنائو کی کیفیت اس وقت دونوں ممالک کے درمیان ہےوہ جلد از جلد ختم ہو اور دونوں ممالک کے ایک ارب سے زائد شائقین پاک بھارت کرکٹ مقابلوں سے محظوظ ہوسکیں جس کا انہیں شدت سے انتظار رہتا ہے۔انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ وہ 2004ء میں دورہ پاکستان پر آئے تھے اور جو محبتیں انہیں پاکستانی عوام کی جانب سے ملی وہ زندگی بھر اسے فراموش نہیں کرسکتے۔

اسی طرح جب پاکستان نے فوری دورہ بھارت کیا تو دھرم شالہ میں پہلا میچ تھا جہاں انہوں نے تین ہزار لڈّو منگوا کر خوشی میں لوگوں میں تقسیم کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر بھی غلط ہے کہ جب پاکستان کی میزبانی کی باری آتی ہے تو بھارتی حکومت یا کرکٹ بورڈ غلط تاثر دیکر سیریز ختم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی شرکت کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائیگا۔

کیونکہ یہ باہمی سیریز نہیں بلکہ انٹرنیشنل کونسل کا ایونٹ ہے جبکہ باہمی سیریز میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کوئی کردار نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے براڈ کاسٹر کا ایشو کوئی بڑا معاملہ نہیں اس کو حل کرلیا جائیگا اصل چیز وہ عناصر ہیں جو بھارت میں صورتحال کو خراب کررہے ہیں۔ پاکستانی حکومت اس چیز پر قابو پالے تو کوئی وجہ نہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے روابط ایک مرتبہ پھر شروع ہوجا ئینگے۔

انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں ناصرف کرکٹ بلکہ تجارت سے لے کر تمام امور دونوں ممالک کے درمیان بہتر ہوں۔اس سوال پرکہ آپ اس وقت اتنے دھیمے لہجے پر بات کررہے ہیں مگر بعض اوقات آپ شعلے فلم کے گبر کیوں بن جاتے ہیں، اس پر انہوں نے کہا کہ فلم شعلے میں ایک ٹھاکر بھی تھا اس کردار کو بھی یاد رکھنا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :