سلمان بٹ اور محمد آصف کی قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ سے چھٹی ہوگئی

منگل 25 اگست 2015 14:02

سلمان بٹ اور محمد آصف کی قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ سے چھٹی ہوگئی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) سلمان بٹ اور محمد آصف کی قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ سے چھٹی ہوگئی،ذرائع کاکہنا ہے کہ دونوں میں سے کسی کو بھی سلیکشن کیلیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔بورڈ حکام متفق ہیں کہ فارم اور فٹنس کی جانچ کیے بغیر سزا یافتہ کرکٹرز کو میدان میں اتارا تو باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی حق تلفی ہوگی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر آئی سی سی اینٹی کرپشن قوانین میں ترمیم سے رعایت کے مستحق ٹھہرے، پیسر کو پابندی کے 5سال ختم ہونے سے قبل ہی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی گئی تھی،وہ آئندہ ماہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں راولپنڈی ریمز کی نمائندگی کرینگے۔

انھیں یکم ستمبر کے بعد انٹرنیشنل میچز کیلیے بھی منتخب کیا جاسکتا ہے، دیگر شریک جرم کرکٹرز سلمان بٹ اور محمد آصف پر پابندی کے بھی 5،5سال مکمل ہونے والے ہیں، البتہ دونوں کی بالترتیب 5اور 2سال کی معطل سزائیں برقرار ہیں جو دوبارہ کسی منفی سرگرمی میں ملوث ہونے پر لاگو ہوجائیں گی، آئی سی سی نے 19اگست کو اپنی پریس ریلیز میں انھیں یکم ستمبر کے بعد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی آزادی دیدی تھی،لاہور کی ریجنل ایسوسی ایشن سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کرنے کی خواہاں تھی۔