الیکشن کمیشن سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے کل تفصیلی شیڈول جاری کرے گا

منگل 25 اگست 2015 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) الیکشن کمیشن سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئیآج (بدھ) کو تفصیلی شیڈول جاری کرے گا۔جس کے تحت پہلے سے منتخب ڈسٹرکٹ ریٹئرننگ آفیسر ، اسسٹنٹ ریٹئرننگ آفیسر کو صوبائی قواعد و ضوابط کے مطابق غیر جانبدارانہ اور شفافیت کو ضروری بنانے کے لئے ہدایت دی جائیں گی بصورت کسی غیر قانونی شکایات کی صورت میں ذمہ داران افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں اور صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈسٹرکٹ ریٹئرننگ آفیسر ، ریٹئرننگ آفسران اور اسسٹنٹ ریٹئرننگ آفسران کو متبادل کرنے کے عمل کی درخواست کو یکساں طور ادا کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں کہ صرف عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی بھی تجویز کمیشن کو دی جا سکتی ہے جبکہ بلدیاتی انتخابات میں ایم این اے‘ ایم پی اے‘ وزراء‘ وزیراعظم پر الیکشن مہم چلانے پر پابندی ختم ہونے پر الیکشن کمیشن نے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ اور پنجاب بلدیاتی انتخابات کے لئے کل (بدھ) کو انتخابی شیڈول جاری کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے صوبائی صدر منصور سرور خان کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دی گئی جس پر لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعظم‘ وزراء‘ ایم این ایز اور ایم پی ایز پر انتخابی مہم چلانے کی پابندی ختم کر دی۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ اس صورتحال میں الیکشن کمیشن شدید تحفظات کا شکار ہے کیونکہ انتخابی مہم پر وزیراعظم اور وزراء‘ ایم این ایز اور ایم پی ایز اثر انداز ہونگے۔ جس پر انتخابی نتائج تبدیل ہونے کا خدشہ ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دی گئی ہے جس کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے تاہم کل (بدھ) کو الیکشن کمیشن سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تفصیلی شیڈول جاری کرے گا۔