سعودی عرب : سعودی خاندان کو ایک ہی دن میں دو صدمے، اہل خانہ غم سے نڈھال

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 اگست 2015 17:39

سعودی عرب : سعودی خاندان کو ایک ہی دن میں دو صدمے، اہل خانہ غم سے نڈھال

سعودی عرب (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 اگست 2015 ء) :سعودی عرب کے ایک خاندان کو حال ہی میں دُہرے صدمے کا سامنا کرنا پڑا جب اسے دو بیٹوں کی الگ الگ واقعات اور انداز میں ہونے والی اموات کی خبر ملی۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دونوں بیٹوں کی موت کی خبر اہل خانہ پر بجلی بن کر گری تاہم دونوں کی موت میں ایک بڑا فرق بھی تھا۔ ایک بیٹا سعودی عرب کی مسلح افواج میں تھا جو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہوا اور دوسرا شام میں دولت اسلامی "داعش" میں بھرتی ہو گیا تھا جہاں اس کی موت خودکش حملے کے نتیجے میں ہوئی۔

دونوں بھائیوں کی موت ایک ہی روز ہوئی۔عربی روزنامہ"الحیاۃ" کی رپورٹ کے مطابق ایک ہی روز مارے جانے والے دو بھائیوں کے ایک تیسرے بھائی دخیل نے بتایا کہ زاھر الحارثی نے شام میں خودکش حملہ کیا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی جب کہ دوسرا بھائی ناصر الحارثی سعودی عرب کی مسلح افواج میں تھا، اس کی موت سعودی عرب اور یمن کے درمیان سرحد پر جمعہ کے روز ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہوئی۔

(جاری ہے)

ناصر کی ایک بیٹی ہے جب کہ اس کی بیوہ امید سے ہے۔شام میں خود کش حملے میں مارے جانے والے بھائی زاھر نے نرسنگ میں ڈپلومہ کر رکھا تھا۔ اس کی شادی کزن سے کی گئی تھی مگر ایک سال بعد دونوں میں علاحدگی ہو گئی تھی۔ وہ دو سال سے غائب تھا۔ کچھ عرصہ قبل پتا چلا کہ وہ شام میں شدت پسند تنظیم اسلامی "داعش" کے ساتھ شامل ہو چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :