ٹریفک قوانین کے متعلق تربیت دی جاتی ہے تاکہ پاکستان میں ڈرائیونگ کے صحیح کلچرکو عام کیا جاسکے ،غلام رسول زاہد

چالان کرنا نہیں چاہتے ،ڈرائیوروں کو ایسی تربیت دینا چاہتے ہیں وہ قانون کی خلاف ورزی ہر گز نہ کریں، ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز

منگل 25 اگست 2015 18:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید تر ین سہو لیات سے آراستہ، بہتر ین تحقیق سے مزین کو رس اور جدید ترین سمولیٹرز کے ذریعے اعلیٰ تربیت یافتہ اور ماہر انسڑکٹر ز کے زیر نگرانی سرکار ی ، غیر سرکاری اداروں کے افراد اور پبلک سیکٹر کے ڈرائیورز کو ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کے متعلق تربیت دی جاتی ہے تاکہ پاکستان میں ڈرائیونگ کے صحیح کلچرکو عام کیا جاسکے ۔

چالان کرنا نہیں چاہتے بلکہ ڈرائیوروں کو ایسی تربیت دینا چاہتے ہیں کہ وہ قانون کی خلاف ورزی ہر گز نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی (آپریشنز ) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس غلام رسول زاہد نے موٹروے پولیس روڈ سیفٹی ڈرائیونگ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد میں ڈرائیونگ کی تربیت مکمل کرنیوالے کامیاب شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی غلام رسول زاہد نے کہا کہ ٹر یفک قوانین کی پاسداری کرنا ہر شہر ی کی ذمہ داری ہے کیونکہ ان کی پا سداری کر نا اور ان پر عمل کرنے سے نہ صر ف ہم اپنی جان کو بچا سکتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی بچا سکتے ہیں۔انہوں نے مز ید کہا محفوظ ڈ رائیو نگ اور زیرو ایکسنڈنٹ پالیسی ہی موٹروے پو لیس کی روایات اور طر ہ امتیاز ہے ۔ ڈی آئی جی غلام رسول زاہد نے کہا کہ موٹر وے پولیس نے روڈ سیفٹی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں بین الاقوامی معیارکے ڈرائیونگ ٹریک بھی بنائے ہیں ان ڈرائیونگ ٹریکس میں سپیڈ بریکرز،رویمپس ، سکڈ پیڈزرکاوٹیں ، زگ زیگ لین اور سلپری روڈز شامل ہیں اس کے علاوہ بین الاقوامی معیار کاسیلبس اور دیگر جدید آلات بھی مہیا کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوران تربیت شرکاء کو ٹریفک موضوعات پر تفصیلاََ لیکچرز دئے جاتے ہیں نیز شرکاء کی ڈرائیونگ کی صلاحیت جانچنے کیلئے مڈ ٹرم اور فائنل ٹیسٹ بھی لئے جاتے ہیں تاکہ تربیت حاصل کرنیوالے شرکاء مہذب ڈرائیونگ کا مظاہر ہ کرسکیں ۔ تقریب کے آخر میں ڈی آئی جی غلام رسول زاہد نے ڈرئیونگ کی تربیت مکمل کرنیوالے شرکاء میں سر ٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :