قطر کرکٹ ایسوسی ایشن پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کیلئے پر امید

منگل 25 اگست 2015 18:36

قطر کرکٹ ایسوسی ایشن پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کیلئے پر امید

لاہور/دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) قطر کرکٹ ایسوسی ایشن کو اْمید ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی میزبانی دوحہ کو مل جائے گی، قطر کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ گل خان نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پی سی بی کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد یہ اْمید ہوگئی ہے کہ دوحہ اگلے سال فروری میں پاکستان سْپر لیگ کی میزبانی کریگا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیدار اگلے ماہ قطر کا دورہ کریں گے جس کے بعد حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا، گل خان نے بتایا کہ 2022 میں ورلڈ کپ فٹ بال کے انعقاد سے قبل اْن کا ملک انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنا چاہتا ہے ، اْنہیں امید ہے کہ پاکستان سپر لیگ ٹورنامنٹ کی تفصیلات جلد طے ہوجائیں گی، ایونٹ میں کم ازکم پانچ ٹیمیں شریک ہوں گی، پاکستان سپر لیگ قطر میں رہنے والے ایشیائی باشندوں کیلئے کشش ثابت ہوسکتا ہے، ایک اندازے کے مطابق تقریبا ً نوے ہزار پاکستانیوں کے علاوہ قطر میں پانچ لاکھ بھارتی ، ڈیڑھ لاکھ بنگلادیشی اور ایک لاکھ سری لنکن بھی رہائش پذیر ہیں۔