`سی ڈی اے پلاننگ ونگ کی نااہلی ، عدالتی احکامات کے باوجود حکومت نے ارجنٹینا پارک کو پولی کلینک کا حصہ بنانے کی منظوری دیدی

پولی کلینک انتظامیہ نے کابینہ فیصلے سے قبل ہی ازخود فزیبلٹی رپورٹ تیار کی، اڑھائی کروڑ افسران نے آپس میں بانٹ لئے،آڈٹ رپورٹ حکومت کوتمام صورتحال سے آگاہ کردیا گیا تھا، فیصلہ وفاقی کابینہ کا ہے ، سی ڈی اے بری الذمہ ہے، سی ڈی اے ذرائع `

منگل 25 اگست 2015 19:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے ) کے پلاننگ ونگ کی نااہلی کے باعث ارجنٹینا پارک کو وفاقی کابینہ نے پولی کلینک کا حصہ بنانے کی منظوری دے دی ہے ۔ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود حکومت نے پاک ارجنٹینا دوستی کی علامت ارجنٹینا پارک کو پولی کلینک کا حصہ بنانے کی منظوری دی گئی ۔پولی کلینک انتظامیہ ارجنٹینا پارک میں توسیع کے نام پر ابتدائی فزیبلٹی کے کھاتے میں اڑھائی کروڑ پہلے ہی جیبوں میں ڈال چکی ہے ، آڈٹ رپورٹ کے مطابق پولی کلینک انتظامیہ نے وفاقی کابینہ کے فیصلے سے پہلے ہی ازخود فزیبلٹی رپورٹ تیار کی اور اڑھائی کروڑ روپے افسران نے آپس میں بانٹ لئے ۔

آن لائن کی تحقیقات کے مطابق پولی کلینک اس وقت تین ایکڑ اور ارجنٹینا پارک چھ ایکڑ پر مشتمل ہے نئی پالیسی کے تحت پارک کو صرف تین ایکڑ تک محدود کرکے ہسپتال کو چھ ایکڑ تک توسیع دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

قابل تشویش پہلو یہ ہے کہ ارجنٹینا پارک پاکستان اور ارجنٹائن کے مابین سفارتی تعلقات کی علامت ہے اور ماضی میں ارجنٹائن نے اس چھ ایکڑ زمین کی سی ڈی کو قیمت بھی ادا کی تھی بعد ازاں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے جناح سپر مارکیٹ کے قریب ایک پارک کی شکل تبدیل کرنے پر ازخود نوٹس لیا تھا اور یہ حکم جاری کیا گیا تھا کہ اگر کسی نے پبلک پارک کی شکل تبدیل کی تو اسے جیل جانا پڑے گا ۔

اسی طرح جی 13 میں بھی پارک کو پلاٹ میں تبدیل کرنے کا بھی عدالت نے سخت نوٹس لیا تھا ارجنٹینا پارک کے کیس میں سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ نے خاموشی اختیار کئے رکھی اور وفاقی حکومت کو عدالتی احکامات نہیں بتائے گئے اور یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ یہ دو ملکوں کے درمیان دوستی کا تحفہ ہے وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز عدالتی احکامات اور دوستی کے تقاضوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اس پارک کا دوگنا حصہ پولی کلینک میں شامل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔

دوسری طرف سی ڈی اے کے شعبہ انجینئرنگ کی رائے تھی کہ پولی کلینک سے ملحقہ تین سے چار بڑے سرکاری مکانات کو ہسپتال کا حصہ بنا کر اس پارک کو بچایا جاسکتا ہے کیونکہ اس سے پہلے ایک سرکاری مکان میں پولی کلینک کی ایمرجنسی بنائی گئی ہے سی ڈی اے ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم نے حکومت کوتمام صورتحال سے آگاہ کردیا تھا اور عدالتی فیصلہ بھی حکومت کے سامنے رکھ د یا تھا لیکن ارجنٹینا پارک کو پولی کلینک میں شامل کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے کیا ہے لہذا اب سی ڈی اے اس سے بری الذمہ ہے

متعلقہ عنوان :