ایم ایس ،پی ایچ ڈی ڈگری سکالرشپ کے تحت ہائیر ایجو کیشن کمیشن کے 92 سکالرز فرانس جائیں گے

منگل 25 اگست 2015 22:10

اسلا م آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء ) ہائیر ایجو کیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے فرانس میں اپنی ایم ایس ؍پی ایچ ڈی ڈگری کے حصول کیلئے جانے والے 92سکالروں کیلئے ایک الوداعی تقریب کا اہتمام منگل کو ہائیر ایجو کیشن سیکریٹریٹ میں کیا ۔ پاکستان بھر سے مختلف شعبہ جات میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی ڈگری کے حصول کیلئے 92سکالروں کو ’’ اوو ر سیز سکالرشپ برائے ایم ایس ؍ ایم فل لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی ان سلیکٹڈ فیلڈ ز، فیز ۔

II‘‘کے تحت فرانسیسی یونیورسٹیوں میں علم کے حصول کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ہائیر ایجو کیشن کمیشن نے اب تک مختلف سکالر شپ پروگراموں کے تحت 654سکالرز کو پی ایچ ڈی کیلئے فرانس بھیجا ہے، جن میں سے 432نے کامیابی سے اپنی ڈگری حاصل کر لی ہے۔ تاہم، اوورسیز سکالر شپ پروگرام کے تحت 291سکالروں نے فرانس کا رخ کیا جس میں سے 165نے کامیابی سے اپنی پی ایچ ڈی ڈگری حاصل کر لی ۔

(جاری ہے)

چیئر مین ہائیر ایجو کیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے منتخب ہونے والے سکالروں کو مبارکباد دیتے ہوئے فرانس میں اپنے قیام سے استفادہ حاصل کرنے کے ساتھ علمی اور تحقیقی امور میں سبقت لے جانے کی تلقین کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ فرانس میں پاکستان کے سفیر ہوں گے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آپ خود کو سماجی طور پر ذمہ شہری ثابت کریں گے‘‘فرانسیسی ایمبیسی کے چارجڈ افئیر ، جناب پیئری فورنئیرنے اعلیٰ تعلیم کیلئے سکالرز فرانس بھیجنے پر ہائیر ایجو کیشن کمیشن اورحکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہ پاکستانی سکالرز کی کارکردگی انتہائی تسلی بخش رہی ہے۔

قبل ازیں،اپنے ابتدائی خطاب کے دوران ڈاکٹر رضا بھٹی نے بھی سکالرز کو مبارکباد دی اور وہاں اپنے قیام کو بہترین انداز میں کارگر بنانے تلقین کی انہوں نے کہا کہ تمام سکالروں کی سہولت کیلئے ہائیر ایجو کیشن کمیشن ان سے مسلسل رابطے میں رہے گا۔ فرانسیسی سفارتخانے کے کو آپریشن اتاشی جناب اولیور ہیون وان اور سائینٹیفک و ہائیر ایجو کیشن اتاشی ایلبن سکیورر بھی اس موقع پر موجود تھے۔