ہالی ووڈ کامیڈی فلم” کنگ فْو پانڈ ا 3“کاکلپ جاری کر دیا گیا

فلم آئندہ برس 29جنوری کوسنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دیا جائیگا

بدھ 26 اگست 2015 11:26

ہالی ووڈ کامیڈی فلم” کنگ فْو پانڈ ا 3“کاکلپ جاری کر دیا گیا

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اگست۔2015ء)بچوں کے لیے ہے خوشخبری ، کنگ فو پانڈا ایک بار پھر آرہا ہے، اپنی دلچسپ حرکتوں سے سب کا دل لبھانے۔ہالی ووڈ کی نئی کمپیوٹر اینیمیٹڈایکشن کامیڈی فلم” کنگ فْو پانڈ ا 3“کاکلپ جاری کر دیا گیا۔ دنیا بھر میں کھڑکی توڑ بزنس کرنیوالی کنگ فو پانڈا سلسلے کی پہلی فلم 2008میں ریلیز کی گئی جبکہ اس کا سیکوئل2011میں سنیماگھروں کی زینت بنا جس نے فلم بینوں میں دھوم مچا دی ، اب اسی کڑی کی تیسری فلم مداحوں کیلئے پیش کی جا رہی ہے ۔

ایلزینڈرو کارلونی اور جینیفر یو نیلسن کی مشترکہ ہدایتکاری میں بننے والی”کنگ فْو پانڈا3“ کی کہانی گزشتہ حصوں کی طرح اس بار بھی مارشل آرٹس اور کنگ فْو کے ماہر ایک ایسے بہادر پانڈا کے گِرد گھوم رہی ہے جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر دشمنوں کا بہادری سے مقابلہ کرتا ہے اورانہیں دھول چٹا دیتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی اور چائینیز سنیما کی مشترکہ کاوش سے بننے والی اس فلم کو ملیسا کوب نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ فلم کے ڈائیلاگ ہالی ووڈ اداکارجیک بلیک، اینجلینا جولی ،جیکی چن، ڈسٹن ہوفمین، لوسی لیو، ڈیوڈ کراس، سیٹھ روجن، جیمز ہونگ، ریبل وِلسن اور برائن کرینسٹن کی آوازوں میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔

لگ بھگ 140ملین ڈالر لاگت سے مکمل ہونیوالی اس اینیمیٹیڈ ایکشن کامیڈی تھری ڈی فلم کو ٹوینٹیتھ سنچری فاکس کے تحت آئندہ برس 29جنوری کوسنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دیا جائیگا۔